جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولا اور پاکستانی پرچم اتار لیا۔ پاکستانی سفارتی حکام نے فرینکفرٹ میں پیش آئے افسوسناک واقعہ پر جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان شہریوں نے فرینکفرٹ میں احتجاج کے دوران پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولا، پتھرائو کیا اور پاکستانی پرچم بھی اتارا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ افغان باشندوں نے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش بھی کی۔
پاکستانی حکام نے کہا کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے، اس معاملے پر بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی کے معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔
فرینکفرٹ میں جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی۔ جرمن حکام نے سوشل میڈیا پر اس معاملے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
پاکستان کی مذمت
ادھر جرمنی میں پاکستان کے سفارتخانے نے ہفتے کو فرینکفرٹ کے قونصل خانے میں ’شر پسندوں کے ہاتھوں توڑ پھوڑ‘ کے عمل کی مذمت کی ہے۔
اتوار کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اس شرپسندوں کے توڑ پھوڑ کے قابل مذمت فعل کی مذمت کرتے ہیں۔‘
بیان میں بتایا گیا ہے کہ 20 جولائی 2024 کو پاکستانی قونصل خانے میں پیش آنے والے واقعے کے بعد ’پاکستانی سفارتخانہ جرمن حکام سے رابطے میں ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ایسی صورت حال دوبارہ پیدا نہ ہو اور شرپسندوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اپنی کمیونٹی سے صبر اور پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔‘