حزب اللہ سے تنازع میں شدت: آسٹریلیا کی اپنے شہریوں کو اسرائیل چھوڑنے کی ہدایت
حالیہ ہفتوں کے دوران کئی ایئرلائنز نے اسرائیل کی پروازیں معطل کر دی ہیں
آسٹریلیا نے اسرائیل-حزب اللہ تنازعے کے حوالے سے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کا سفر نہ کریں اور وہاں موجود آسٹریلوی باشندوں پر زور دیا ہے کہ جب تک تجارتی پروازیں دستیاب ہیں، وہ ملک چھوڑ دیں۔
وزیرِ خارجہ پینی وونگ نے پیر کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "آسٹریلوی حکومت کو اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں سلامتی کی صورتِ حال پر شدید تشویش ہے۔"
آسٹریلوی حکومت کی سفری ہدایت میں کہا گیا، اسرائیل اور پورے خطے میں اسرائیلی مفادات کے خلاف فوجی اور دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔ تنازعات میں اضافے کے بعد فضائی حدود کی بندش کے باعث کچھ ایئر لائنز نے اسرائیل کے لیے پروازیں کم اور معطل کر دی ہیں۔
صحت کے حکام نے بتایا کہ پیر کو شمالی لبنان میں ایک فضائی حملے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ لاکھوں اسرائیلیوں نے لبنان سے داغے گئے جوابی میزائلوں سے پناہ لی۔
اتوار کو وسطی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں چار اسرائیلی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔