صہیونیت کی تبلیغ وفروغ اور اپنانے پر تین سال قید وجرمانے کی سزا کی تجویز
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے صہیونیت کو بطور مذہب اپنانے، اس پر عمل پیرا ہونے اور اس کی تبلیغ و اشاعت کرنے کے خلاف تین سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانے کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں کمیٹی میں سینٹر افنان اللہ کی جانب سے صہیونیت بطور مذہب اپنانے،اس کے لٹریچر کی تبلیغ و اشاعت، اس کے ذریعے معاشرے میں تفریق پیدا کرنے کے خلاف بل پیش کیا گیا۔
بل کے متن کے مطابق جو کوئی بھی صہیونیت کو بطور مذہب اپناتا ہے اور جان بوجھ کر اس کے مخصوص نشانات کے ذریعے اس کی تبلیغ و اشاعت کرتا ہے، اسے تین سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے گا۔
صہیونیت کے ذریعے معاشرے میں تفریق، عوام میں نفرت پیدا کرنے کی پاداش میں بھی تین سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانہ یا دونوں کیا جائے گا۔