ٹرمپ کی تقریب حلف برداری ، 884 ارب ڈالر کے مالکان ایک ہی تصویر میں
پیر کے روز واشنگٹن میں امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے دوران میں دنیا کی امیر ترین کاروباری شخصیات کی موجودگی نے خصوصی توجہ حاصل کر لی جہاں وہ آگے کی نشستوں پر ایک ساتھ براجمان تھے۔
واشنگٹن میں امریکی کیپیٹول کی عمارت کے ہال میں منعقد تقریب میں چار معروف ارب پتی افراد مرکز نگاہ رہے۔ ان کے نام مارک زکربرگ، جیف بیزوس، ایلون مسک اور سندر پچائی ہیں۔
دنیا کے یہ چار امیر ترین افراد ایک ساتھ نظر آئے۔ ان کے علاوہ بیزوس کی منگیتر لورین سانچیر بھی تھیں جو ان کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھیں۔
یاد رہے کہ "میٹا" اور "فیس بک" کے بانی مارک زکربرگ کی دولت 211 ارب ڈالر، "ایمازون" کے بانی جیف بیزوس کی دولت 239 ارب ڈالر اور "گوگل" کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی کی دولت 1.3 ارب ڈالر ہے۔ جہاں تک دنیا کے امیر ترین شخص کی بات ہے تو یہ اعزاز "ٹیسلا" اور "اسپیس ایکس" کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کو حاصل ہے جن کی مجموعی دولت کا حجم 433 ارب ڈالر ہے۔