ٹرمپ کے غزہ منصوبے کے بعد آسٹریلیا کی شرقِ اوسط میں دو ریاستی حل کی حمایت
امریکی صدر فلسطینیوں کو ہمسایہ ممالک میں آباد کرنا چاہتے ہیں
آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانی نے بدھ کے روز کہا کہ حکومت نے شرقِ اوسط میں دو ریاستی حل کی حمایت کی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی پٹی پر قبضے کے منصوبے کا جو حیران کن اعلان کیا ہے، اس کے بعد انتھونی البانی کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔
البانی نے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا، "آسٹریلیا کی پوزیشن وہی ہے جو آج صبح تھی اور جو گذشتہ سال تھی۔ آسٹریلوی حکومت دو طرفہ بنیادوں پر دو ریاستی حل کی حمایت کرتی ہے۔"
ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ مشترکہ کانفرنس کے دوران ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت وہ غزہ کی پٹی پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو ہمسایہ ممالک میں آباد کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا، "امریکہ غزہ کی پٹی پر قبضہ کر لے گا اور ہم اس کے ساتھ بھی کام کریں گے۔"