امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ اپنے قریبی اور پرخلوص تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے لیے دلی محبت اور احترام کا جذبہ رکھتے ہیں۔
ریاض کے قصر الیمامہ میں منگل کے روز ہونے والی ملاقات کے بعد ٹرمپ نے مختصر گفتگو میں کہاکہ "ہم ایک دوسرے کے لیے بے پناہ عزت رکھتے ہیں"۔
انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی شخصیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ چند سال قبل جب ان سے ملاقات ہوئی تھی تو کم عمری کے باوجود ان میں غیر معمولی فہم و فراست دیکھی۔
ٹرمپ نے سعودی عرب کو بیرون ملک دورے کی اپنی پہلی سرکاری منزل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے کی نوعیت انتہائی اہم ہے اور سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
سعودی-امریکی شراکت داری کی نئی بنیاد
ٹرمپ اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے توانائی، سکیورٹی، صحت اور دیگر شعبوں میں کئی معاہدوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے۔ دونوں رہنماؤں نے ایک اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر بھی دستخط کیے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔
ٹرمپ منگل کی صبح ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پر ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پہنچے، جہاں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
سعودی عرب کا ان کا سرکاری دورہ دو دن پر محیط ہے، جس کے بعد ٹرمپ قطر اور متحدہ عرب امارات روانہ ہوں گے۔
ان کے ہمراہ امریکی ٹیکنالوجی، توانائی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ بڑی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیدار بھی سعودی-امریکی بزنس فورم میں شرکت کے لیے موجود ہیں۔
ٹرمپ نے اس تاریخی دورے کو اپنی دوسری مدت صدارت کا پہلا بین الاقوامی سفر قرار دیا، جس سے امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات میں نئی روح پھونکنے کی امید کی جا رہی ہے۔