امریکی داخلہ سیکورٹی کی خاتون وزیر کرسٹی نوئم کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس مبینہ دھمکی کی تحقیقات کر رہے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ سابق ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی ترغیب دی ہے۔
یہ بیان جمعرات کے روز اس وقت سامنے آیا جب جیمز کومی نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جو بعد میں حذف کر دی گئی۔ اس پوسٹ میں سمندری خولوں سے بنے دو عدد "86" اور "47" دکھائے گئے تھے۔ ان میں "86" ایک عام امریکی اصطلاح ہے جس کا مطلب کسی چیز سے "جان چھڑانا" یا اسے "ختم کر دینا" ہوتا ہے ... جب کہ "47" اس جانب اشارہ کرتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے 47 ویں صدر ہیں۔
کرسٹی نوئم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کہا کہ "ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر جیمز کومی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کا تازہ مطالبہ کیا ہے"۔
انھوں نے مزید کہا کہ "محکمہ داخلہ اور خفیہ سیکیورٹی ادارہ اس دھمکی کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اس سے مناسب طریقے سے نمٹا جائے گا"۔
دوسری جانب جیمز کومی نے بعد ازاں انسٹاگرام پر وضاحت کرتے ہوئے کہا "میں نے آج ساحلِ سمندر پر چہل قدمی کے دوران کچھ سمندری خول دیکھے، جن کی تصویر لے کر پوسٹ کی، جنھیں میں نے محض ایک سیاسی اشارہ سمجھا"۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ "مجھے اندازہ نہیں تھا کہ بعض لوگ ان اعداد کو تشدد سے جوڑ سکتے ہیں۔ یہ بات میرے وہم و گمان میں بھی نہ تھی۔ میں ہر قسم کے تشدد کی مخالفت کرتا ہوں، اسی لیے میں نے وہ پوسٹ حذف کر دی"۔