بھارتی طیارہ احمد آباد ڈاکٹرز ہاسٹل پر گر کر تباہ، 290 افراد ہلاک
ایک مسافر معجزانہ طورپر بچ گیا طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ وجے روپانی سمیت 53 برطانوی شہری بھی سوار تھے
بھارت میں احمد آباد ائرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے 12 ارکان سمیت 290 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک مسافر معجزانہ طور پر بچ گیا۔
اطلاعات کے مطابق طیارہ اڑان بھرنے کے اگلے ہی منٹ رہائشی علاقے پر گر گیا، جہاز میں 53 برطانوی، سات پرتگالی، ایک کینیڈین شہری بھی سوار تھا۔ گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی پرواز کے مسافر تھے۔ حکام کے مطابق پائلٹ نے ٹیک آف کے پانچ سیکنڈ بعد ہی "مے ڈے" کال دی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کی لندن جانے والی پرواز “AI171’’ جمعرات کے روز احمد آباد ائیرپورٹ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ طیارہ دوپہر ایک بج کر 38 منٹ پر رن وے 23 سے روانہ ہوا تاہم محض چند سیکنڈز بعد ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹیک آف کے وقت جہاز کی رفتار 322 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی اور وہ زیادہ سے زیادہ 625 فٹ بلندی تک پہنچ سکا۔
رپورٹ کے مطابق اسی دوران طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کا دھواں دور سے دیکھا گیا۔ پائلٹ نے فوری طور پر ”مے ڈے“ کال دی، لیکن اگلے ہی لمحے طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
طیارہ احمد آباد کے رہائشی علاقے میگھانی نگر پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے ملبے کے کئی حصے ایک قریبی گرلز ہاسٹل پر بھی گرے۔ حادثے کے بعد علاقے میں شدید شعلے بلند ہوئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے میں عملے کے 12 ارکان سمیت 242 افراد سوار تھے۔ مسافروں میں 53 برطانوی، سات پرتگالی، اور ایک کینیڈین شہری بھی شامل تھے۔
اطلاعات ہیں کہ گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی اسی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہو رہے تھے۔
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787 ”ڈریملائنر“ ماڈل کا تھا، جو تقریباً 14 برس قبل لانچ کیا گیا تھا۔ محض چھ ہفتے قبل ہی بوئنگ کمپنی نے اسی ماڈل کی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک ارب مسافروں کو منزل تک پہنچانے کا سنگِ میل عبور کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق طیارے کے کپتان کو 8,200 گھنٹے فلائنگ کا تجربہ حاصل تھا جبکہ معاون پائلٹ کے پاس 1,100 گھنٹے کا تجربہ تھا۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ جائے حادثہ کو سیل کر دیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب پروازوں پر نظر رکھنے والی عالمی ویب سائٹ ”Flightradar24“ نے تصدیق کی ہے کہ ایئر انڈیا کی پرواز ”AI171“ جو احمد آباد سے لندن روانہ ہوئی تھی، ٹیک آف کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گئی ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا، جو کہ روانگی کے چند لمحوں بعد کا وقت ہے۔