پوتین کی جانب سے برطرف کیے گئے وزیر کی خود کشی پر کریملن میں صدمہ

سر میں گولی لگنے کی حالت میں اپنی گاڑی میں مردہ پائے گئے، تحقیقات جاری ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

کریملن ہاؤس کا کہنا ہے کہ سابق روسی وزیرِ ٹرانسپورٹ رومن اسٹارو وائٹ کی خود کشی ایک "دھچکا پہنچانے والا واقعہ" ہے۔ یہ خود کشی صدر ولادی میر پوتین کی جانب سے رومن کو برطرف کرنے کے فیصلے کے چند گھنٹوں بعد کی گئی۔

رومن کی لاش ماسکو کے قریب اُن کی گاڑی میں ملی، جہاں وہ گولی لگنے سے ہلاک پائے گئے۔ سرکاری تحقیقاتی ادارے نے پیر کے روز بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق یہ خودکشی کا واقعہ ہے، جو اُن کی برطرفی کے چند ہی گھنٹوں بعد پیش آیا۔

روس کی مرکزی تفتیشی کمیٹی نے اس واقعے کے "درست حالات" جاننے کے لیے با ضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ حکام نے موت کی تاریخ کے بارے میں تا حال کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا۔

رومن کی موت سے متعلق سوال پر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ صدر پوتین کو اس واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے، اور انھوں نے اس خبر کو "الم ناک اور افسوس ناک" قرار دیا ہے۔

پیسکوف نے رومن کی موت کی وجہ سے متعلق قیاس آرائی سے انکار کیا اور کہا کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

پیر کو جاری کیے گئے صدارتی حکم نامے میں رومن کی برطرفی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی تھی، حالانکہ وہ صرف ایک سال سے کچھ زائد عرصہ وزیرِ ٹرانسپورٹ کے منصب پر فائز رہے۔ تاہم، بعض سیاست دانوں کا شبہ ہے کہ برطرفی کی وجہ کورسک کے علاقے میں کرپشن کی ایک تحقیقات ہو سکتی ہے، جہاں وہ اس سے قبل گورنر رہ چکے تھے۔

یہ تحقیقات اس بات کے گرد گھوم رہی ہیں کہ آیا 2022 میں روس اور یوکرین کی سرحد پر کورسک کے علاقے میں دفاعی تعمیرات کے لیے مختص کردہ 19.4 ارب روبل (تقریباً 24.6 کروڑ ڈالر) کی رقم واقعی اس مقصد کے لیے استعمال ہوئی یا اُس میں سے کچھ رقم خرد برد کر لی گئی۔

صدر پوتین نے رومن کے نائب، آندرے نیکیتین کو نیا وزیرِ ٹرانسپورٹ مقرر کر دیا ہے۔

رومن کو تبدیل کیے جانے کا فیصلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب روسی ہوائی اڈوں کو یوکرینی ڈرون حملوں کے سبب بار بار عارضی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی "ریا نووستی" کے مطابق، نئے وزیر آندرے نیکیتین نے پیر کے روز کہا "میں سب سے پہلے ہوائی اڈوں کی صورتِ حال سے نمٹوں گا۔"

یاد رہے کہ روسی وزارتِ ٹرانسپورٹ مقبوضہ یوکرینی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام بھی سنبھالتی ہے، جو بدعنوانی کے شکار شعبوں میں شمار ہوتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں