امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ واشنگٹن اہم معدنیات اور ہائیڈرو کاربنز پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک بیان میں کیا جو امریکی وزارت خارجہ نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقعے پر جاری کیا۔
امریکی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق مارکو روبیو نے کہا کہا کہ ’میں امریکہ کی جانب سے پاکستان کے عوام کو ان کے یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘
قبل ازیں واشنگٹن اور اسلام آباد نے گذشتہ ماہ ایک تجارتی معاہدے کا خیر مقدم کیا جس کے بارے میں پاکستان نے کہا کہ اس کے نتیجے میں ٹیرف کم ہو جائیں گے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔
پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ اسلام آباد امریکی کاروباروں کو خاص طور پر جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں مقامی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے کان کنی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا جن میں لیز گرانٹس جیسی مراعات دی جائیں گی۔
صوبے میں کان کنی کے اہم منصوبے ہیں، جن میں ریکوڈک بھی شامل ہے جو کان کنی کی کمپنی بیرک گولڈ چلا رہی ہے اور اسے سونے اور تانبے کی دنیا کی سب سے بڑی کانوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے بدھ کو کہا کہ ’ہم اہم معدنیات اور ہائیڈرو کاربنز سمیت اقتصادی تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے اور فعال تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ امریکہ دہشت گردی کے خلاف اور تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات میں پاکستان کی شمولیت کو بہت سراہتا ہے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ سے قبل اسلام آباد کے واشنگٹن کے ساتھ تعلقات حالیہ برسوں میں کچھ سرد ہو گئے کیوں کہ امریکہ چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کا مقابلہ کرنے کے لیے دیگر عوامل کے ساتھ ساتھ، پاکستان کے روایتی حریف انڈیا کے زیادہ قریب ہو گیا۔
واشنگٹن پاکستان سے افغانستان کے معاملے پر بھی ناراض تھا۔ خاص طور پر سابق صدر جوبائیڈن کے دور میں جب امریکہ نے افغانستان سے افراتفری کے عالم میں انخلا کیا اور طالبان ملک میں دوبارہ اقتدار میں آ گئے۔ امریکہ نے پاکستان پر طالبان کی پشت پناہی کا الزام لگایا۔ پاکستان نے اس الزام کی تردید کی۔
حالیہ مہینوں میں واشنگٹن کے اسلام آباد کے ساتھ تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔ ٹرمپ نے انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا کریڈٹ لیا۔ اپریل میں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ایک حملے کے بعد مئی میں ایشیائی پڑوسیوں کے درمیان جنگ شروع ہو گئی۔
پاکستان نے ٹرمپ کی تعریف کی جبکہ انڈیا نے یہ موقف اختیار کیا کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کو بیرونی مداخلت کے بغیر اپنے مسائل براہ راست حل کرنے چاہییں۔
-
وزیر اعظم پاکستان کا آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے قیام کا اعلان
شہباز شریف نے یوم آزادی پر تمام جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کو میثاق استحکام پاکستان ...
پاكستان -
یوم آزادی کے موقع پر پاکستان مونومنٹ میں پرچم کشائی کی تقریب
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان مونومنٹ میں پرچم کشائی ...
پاكستان -
امریکہ پاکستان کے ساتھ اہم معدنیات، ہائیڈرو کاربن کے شعبوں میں تعاون کا خواہاں
انسدادِ دہشت گردی مذاکرات بھی ہوئے ہیں
بين الاقوامى