جرمنی : فلیمنگو پرندے نے پولیس کو چوکنا کر دیا !
جرمن پولیس کے مطابق یہ پرندہ جنوب مغربی جرمنی کے بلیک فوریسٹ میں واقع جھیل ٹیٹی زے میں ایک ٹانگ پر کھڑا سویا ہوا ملا
جرمنی کے علاقے بلیک فوریسٹ میں ایک فلیمنگو پرندے کی غیر متوقع موجودگی نے جمعے کی شام مقامی پولیس کو چوکنا کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ پرندہ جنوب مغربی جرمنی میں واقع علاقے کی مشہور جھیل "ٹیٹی زے" پر ایک ٹانگ پر کھڑا سویا ہوا ملا۔
پولیس نے کہا "ہم تو بڑی تعداد میں سیاحوں کے آنے کے عادی ہیں، خاص طور پر جنوبی علاقوں سے آنے والے جو بلیک فوریسٹ کے دل کش مقامات اور خاص طور پر جھیل ٹیٹی زے کی سیر کے لیے آتے ہیں، لیکن یہاں فلیمنگو دیکھنا روز کا معمول نہیں ہے۔"
چونکہ فلیمنگو اس خطے کا مقامی پرندہ نہیں ہے، اس لیے پولیس کو یہ طے کرنے میں مشکل پیش آئی کہ کن ماہرین سے رابطہ کیا جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ آیا پرندے کو کسی مدد کی ضرورت ہے یا نہیں۔
تاہم پولیس کو جانوروں کے حقوق کے کارکنوں سے یہ اطلاع ملی کہ پرندے کے پر اب بھی سرمئی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کم عمر ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق پرندے نے "اپنی شناخت سے متعلق کوئی اضافی معلومات دینے سے صاف انکار کیا"، کیونکہ اس کی شناختی انگوٹھی اس ٹانگ پر لگی ہوئی تھی جو پانی میں ڈوبی ہوئی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بالآخر پولیس نے فلیمنگو کو پکڑ کر جانوروں کے ایک ہنگامی مرکز منتقل کر دیا۔
فلیمنگو پرندہ عام طور پر افریقا، ایشیا، امریکا اور جنوبی یورپ میں پایا جاتا ہے۔ تاہم جرمنی کے مونسٹرلینڈ علاقے میں بھی اس کی ایک چھوٹی آبادی موجود ہے، جو اس جگہ سے تقریباً 500 کلومیٹر شمال میں ہے جہاں یہ پرندہ ملا۔
مونسٹرلینڈ میں کچھ فلیمنگو پرندے کئی دہائیوں سے ہالینڈ کی سرحد کے قریب واقع "ٹسفیل بروکر فین" نامی قدرتی ذخیرے میں افزائش بھی کرتے ہیں۔