ایردوآن کے دورۂ امریکہ کے بعد ترکش ایئرلائنز اپنے فضائی بیڑے میں توسیع کرے گی
بیڑے میں 225 بوئنگ طیارے شامل کرنے کا اعلان
ترکی کی قومی فضائی کمپنی ترکش ایئرلائن نے اپنے بیڑے میں 225 بوئنگ طیارے شامل کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
جمعہ کو استنبول سٹاک ایکسچینج کو ایک اعلامیہ میں ایئرلائن نے کہا ہے کہ اس نے 75 بوئنگ بی787-9 اور بی787-10 طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور 737-8/10 میکس ماڈلز کے 150 طیارے حاصل کرنے کے لیے بوئنگ سے مذاکرات مکمل کر لیے ہیں۔
یہ اعلان ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے ایک روز بعد کیا گیا۔
ترکش ایئرلائنز بی787-9 اور بی787-10 طیاروں کے لیے 50 تصدیق شدہ اور 25 اختیاری آرڈرز دے گی جن کی ترسیل 2029 اور 2034 کے درمیان طے شدہ ہے۔ بی787-9 اور بی787-10 جدید ترین اور ایندھن کی بچت کرنے والے طویل فاصلے کے طیارے ہیں جو بین الاقوامی سفر کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی ہوائی جہاز کے انجنوں، پرزہ جات کے حصول اور مرمت کی خدمات کے لیے رولز-روائس اور جی ای ایروسپیس سے مذاکرات کر رہی ہے۔
علاوہ ازیں ترکش ایئرلائنز نے کہا ہے کہ اس نے 737-8/10 میکس ماڈلز کے 150 طیاروں کے لیے بوئنگ سے مذاکرات کو حتمی شکل دے دی ہے جس میں 100 تصدیق شدہ اور 50 اختیاری ہیں اور انجن فراہم کرنے والے سی ایف ایم انٹرنیشنل سے مذاکرات کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد آرڈر کے ساتھ آگے بڑھے گی۔
ترکش ایئرلائنز دنیا کے ایک سب سے بڑے فلائٹ نیٹ ورکس کا انتظام چلاتی ہے۔
جمعرات کو ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ امریکہ جلد ہی نیٹو اتحادی ترکی کو جدید لڑاکا طیاروں کی فروخت پر سے پابندی اٹھا سکتا ہے۔ ٹرمپ کی پہلی مدت کے دوران انقرہ نے روسی ساختہ فضائی دفاعی نظام خریدا تھا جس کے بعد امریکہ نے 2019 میں ترکی کو اپنے فلیگ شپ ایف-35 لڑاکا جیٹ پروگرام سے الگ کر دیا تھا۔