ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے جمعہ کو اعلان کیا کہ ایف بی آئی نے ہالووین کے دوران ریاست مشی گن میں ایک ممکنہ دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ پٹیل نے ’’ ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آج صبح، ایف بی آئی نے ایک ممکنہ دہشت گردانہ حملے میں خلل ڈالا اور مشی گن میں متعدد افراد کو گرفتار کرلیا جو اس ہالووین ویک اینڈ پر پرتشدد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلاٹ کے بارے میں مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
ڈیٹرائٹ کے مغرب میں واقع ڈیئربورن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ ایف بی آئی نے جمعہ کی صبح شہر میں آپریشن کیا۔ ڈیپارٹمنٹ نے ’’ فیس بک ‘‘ پر مزید کہا کہ ہم اپنے رہائشیوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ اس وقت کمیونٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ فاکس نیوز کے مطابق یہ کارروائی وفاقی اور مقامی ایجنسیوں کی مشترکہ کوشش تھی۔ نیٹ ورک نے اطلاع دی کہ مشتبہ افراد ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کے آخری مراحل میں تھے۔ نیٹ ورک نے منصوبہ بند حملے کی نوعیت یا مقام کی وضاحت نہیں کی۔
نیویارک پوسٹ نے اطلاع دی کہ یہ کارروائی جمعرات کی شام کو ہوئی اور سکیورٹی حکام عین انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہفتوں سے مشتبہ افراد کی نگرانی کر رہے تھے۔ اخبار نے تصدیق کی کہ تفتیش جاری ہے اور گرفتار کیے جانے والوں کی تعداد یا ان کے پس منظر کے بارے میں ابھی تک تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ ڈیٹرائٹ کے ذرائع نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ سکیورٹی ایجنسیوں نے ریاست بھر کے کئی شہروں میں الرٹ کی سطح کو بڑھا دیا ہے۔ اب تک کسی زخمی یا کسی کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ ایف بی آئی نے اپنے بیان کا اختتام اس بات پر زور دیتے ہوئے کیا کہ شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے مقامی اور وفاقی ایجنسیوں کے درمیان سکیورٹی کوآرڈینیشن بہت اہم ہے۔