انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں ہونے والے دھماکے سے کم از کم 54 افراد زخمی ہو گئے۔
اے ایف پی کے مطابق دھماکا ایک تعلیمی ادارے کی مسجد میں اس وقت ہوا جب نمازِ جمعہ ادا کی جا رہی تھی۔ زخمیوں میں متعدد اساتذہ اور طلبہ بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
پولیس اور امدادی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک بندوق اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں، جس کے باعث حکام کو شبہ ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اس کے پس منظر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
صدرِ پاکستان نے جکارتہ میں سکول کی مسجد میں دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف عالمی کوششوں میں انڈونیشیا کے ساتھ ہے۔