مجھے چین کا ویزا دینے سے انکار کر دیا گیا ہے: نامور بھارتی ٹینس کھلاڑی
بھارت کے چوٹی کے ٹینس کھلاڑی سمیت ناگل نے کہا کہ چین نے انہیں ویزا دینے سے انکار کر دیا جہاں انہیں چند ہی ہفتوں میں جنوب مغربی سچوان میں آسٹریلین اوپن کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شریک ہونا ہے۔
ناگل نے سوموار کو ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، "مجھے آسٹریلین اوپن پلے آف میں بھارت کی نمائندگی کرنے کے لیے جلد ہی چین جانا ہے۔ لیکن میرا ویزا بغیر کسی وجہ کے مسترد کر دیا گیا۔"
اٹھائیس سالہ ناگل کا عالمی رینگنگ میں 275 واں نمبر ہے۔ انہوں نے ٹوکیو اور پیرس اولمپکس میں بھارت کی نمائندگی کی اور 2024 میں کیریئر کی اعلیٰ ترین رینکنگ حاصل کرتے ہوئے 68ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
انہیں اس سال کے شروع میں آسٹریلین اوپن کے پہلے راؤنڈ میں اور 2024 میں دوسرے راؤنڈ میں میلبورن پارک میں اپنے دو سابقہ مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک ہفتہ طویل آسٹریلین اوپن ایشیا پیسیفک وائلڈ کارڈ پلے آف 24 نومبر سے شروع ہو گا۔ فاتح کھلاڑی میلبورن میں 2026 کے ابتدائی گرینڈ سلام میں شرکت کی اہلیت حاصل کریں گے۔
ٹورنامنٹ نے کہا، "کھلاڑیوں کو ویزے کے ضروری معاملات سے متعلق معلومات کے لیے چینی قونصل خانے سے رابطہ کرنا چاہیے" اور وہ ٹورنامنٹ میں شرکت کا دعوت نامہ حاصل کرنے کی درخواست کر سکتے ہیں۔
اے ایف پی نے ناگل کے ایجنٹ اور چین کی وزارتِ خارجہ سے تبصرے کی درخواست کی ہے۔
بھارت اور چین جن کی ہمالیائی سرحد مشترک ہے، نے وبائی امراض اور اس کے نتیجے میں جغرافیائی سیاسی تناؤ کے باعث پانچ سالہ معطلی کے بعد گذشتہ ماہ براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کیں۔
دنیا کے دو گنجان ترین اور ہمسایہ ممالک تزویری اور فوجی حریف اور علاقائی اثر و رسوخ کے لیے مدِ مقابل ہیں لیکن 2020 میں ایک مہلک سرحدی جھڑپ کے بعد سے ان کے تعلقات میں بتدریج نرمی آئی ہے۔