وائٹ ہاؤس نے منگل کو اس بات کی تردید کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کو عہدے سے ہٹانے پر غور کر رہے ہیں جیسا کہ نیوز آؤٹ لیٹ ایم ایس ناؤ نے اطلاع دی۔
ایم ایس ناؤ نے اس صورتِ حال سے واقف تین نامعلوم افراد کا حوالہ دیتے ہوئے ایک آن لائن رپورٹ میں کہا ہے کہ ٹرمپ اور ان کے اعلیٰ معاونین ان ناخوشگوار شہ سرخیوں سے بہت پریشانی اور الجھن کا شکار ہو گئے ہیں جو پٹیل کی وجہ سے میڈیا کی زینت بنیں۔
سابقہ ایم ایس این بی سی جس کا نام اب ایم ایس ناؤ ہے، کے مطابق انہوں نے اتحادیوں کو بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ پٹیل کو ہٹانے اور ایف بی آئی کے اعلیٰ اہلکار اینڈریو بیلی کو ان کی جگہ لانے پر غور کر رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے ایکس پر کہا کہ یہ کہانی "مکمل طور پر ازخود ایجاد کردہ ہے" اور ٹرمپ اور پٹیل کی ایک تصویر پوسٹ کی جو ان کے مطابق منگل کو اوول آفس میں لی گئی تھی۔
لیویٹ نے کہا کہ جب یہ رپورٹ شائع ہوئی تو ٹرمپ اور پٹیل ایک میٹنگ میں تھے اور صدر نے ہنستے ہوئے اس خبر پر ردِ عمل کا اظہار کیا اور کہا، "کیا؟ یہ بات بالکل غلط ہے۔ کاش، آئیے ایک تصویر لیتے ہیں تاکہ وہ دیکھ سکیں کہ آپ بہت اچھا کام کر رہے ہیں!"