بھارتی ارب پتی کا میسی کو 12 لاکھ ڈالر کی نایاب گھڑی کا تحفہ
اننت امبانی کی پیش کردہ ’’ ریچرڈ مل ‘‘ برانڈ کی نایاب گھڑی دنیا میں بنائی گئی صرف 12 گھڑیوں میں سے ایک ہے
ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹ بالر لیونل میسی کو ایک بھارتی ارب پتی نے ایک انتہائی نایاب گھڑی تحفے میں دے دی ہے۔ اس گھڑی کی مالیت 12 لاکھ 6 ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔ بھارتی ارب پتی نے یہ تحفہ 2022 کے ورلڈ کپ فاتح کو ان کے بھارت کے حالیہ دورے کے دوران پیش کیا۔ 38 سالہ میسی ہفتے کے روز جنوبی ایشیائی ملک بھارت پہنچے جہاں ان کا چار روزہ دورہ کولکتہ سے شروع ہوا۔ انہوں نے حیدرآباد، ممبئی اور نئی دہلی کا بھی دورہ کیا۔ اپنے دورے کے اختتام پر انہیں جام نگر میں ’’ فانتارا ‘‘ عالمی وائلڈ لائف ریسکیو اور تحفظ کے مرکز آنے کی دعوت دی گئی۔ یہ مرکز بھارتی ارب پتی مکیش امبانی کی ملکیت ہے۔ وہاں ان کے بیٹے اننت امبانی نے میسی کو یہ حیرت انگیز تحفہ پیش کیا۔
اننت امبانی نے ارجنٹائن کے سٹار کو ’’ ریچرڈ مل ‘‘ برانڈ کی ایک نایاب گھڑی پیش کی جو دنیا میں بنائی گئی صرف 12 گھڑیوں میں سے ایک ہے۔ انٹر میامی کے موجودہ کپتان کو یہ گھڑی پہنے ہوئے دیکھا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر مداح اس قیمتی تحفے کو دیکھ کر دنگ رہ گئے ہیں۔