نیویارک : نومنتخب میئر ظہران ممدانی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے
نیویارک : نومنتخب میئر ظہران ممدانی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، امریکہ میں پہلی بار قرآن پر حلف ہوگا
امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیویارک کے نو منتخب مسلمان میئر ظہران ممدانی آج یکم جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ ان کے عہدے کا یہ حلف مسلمانوں کی مذہبی کتاب قرآن مجید پر ہوگا۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ نیو یارک کا پہلا مسلمان میئر اپنی ذمہ داری کا حلف اٹھائے گا اور یہ حلف قرآن پاک پر ہوگا۔
34 سالہ ظہران ممدانی ریپیبلیلن پارٹی کے امیدوار کو شکست دے کر نیو یارک کے میئر منتخب ہوئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ نصف شب کے فورا بعد ایک نجی تقریب میں حلف اٹھائیں گے جبکہ بعدازاں ایک بڑی عوامی سرکاری تقریب شہر کے سٹی ہال میں منعقد کی جائے گی۔
وہ بھارتی نژاد مسلمان والدین کی اولاد ہیں اور کچھ عرصہ پہلے نیو یارک میں بسے تھے۔ ریپیبلیکن پارٹی اور صدر ٹرمپ کی سخت مخالفت کے باوجود وہ میئر نیویارک کے عہدے پر منتخب ہو گئے۔
انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران تمام کمیونیٹیز کو اتحاد اور انسانی بنیادوں پر اپنے تعلقات آگے بڑھانے پر زور دیا۔ تاہم انہیں بطور میئر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے بڑے چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔
وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے حوالے سے واضح سوچ رکھنے والے میئر ہوں گے جنہوں نے نیو یارک آنے پر نیتن یاہو کو جنگی جرائم کی بنیاد پر گرفتار کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔