امریکہ: فوجیوں کو احکام ماننے سے انکار پر اکسانے پر سینیٹر کیلی کی سرزنش
پینٹاگون نے ریٹائرڈ بحری افسر کا رینک کم کر دیا، کورٹ مارشل کی دھمکی نہیں دی ، پوری طاقت سے مزاحمت کروں گا: کیلی کا رد عمل
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریاست ایریزونا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک سینیٹر مارک کیلی کو ایک ویڈیو کلپ میں شرکت کرنے پر سرزنش کا خط جاری کریں گے۔ اس ویڈیو کلپ میں امریکی افواج کو غیر قانونی احکامات ماننے سے انکار کی دعوت دی گئی تھی۔ ہیگستھ نے کہا کہ وہ نامناسب اور لاپرواہ رویے کی وجہ سے ریٹائرڈ نیول آفیسر کا رینک کم کر دیں گے کیونکہ انہوں نے اور دیگر ڈیموکریٹک قانون سازوں نے فوج کو کسی بھی غیر قانونی حکم کو مسترد کرنے کی ترغیب دی تھی۔
اگرچہ یہ سرزنش غیر معمولی ہے لیکن یہ اس حد تک نہیں ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کیلی کو، جو ایک ریٹائرڈ نیوی کیپٹن ہیں، مقدمہ چلانے کے لیے دوبارہ فعال ڈیوٹی پر بلانے کی دھمکی دے سکے۔ ٹرمپ نے سابق خلاباز اور تمغہ یافتہ فوجی کے رویے کو اکسانے یا بغاوت کی ترغیب دینے سے تعبیر کیا تھا۔ امریکی صدر نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں قانون سازوں پر فتنہ انگیزی کا الزام لگایا تھا۔ یہ ایک ایسا جرم ہے جس کی سزا موت ہے۔ ہیگستھ نے مزید کہا کہ پینٹاگون نے ایسے اقدامات شروع کر دیے ہیں جن سے کیلی کی ریٹائرمنٹ پنشن میں نمایاں کمی ہو جائے گی اور ان کے فوجی ریکارڈ میں سرزنش کا خط شامل کر دیا جائے گا۔
کیلی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی پوری طاقت کے ساتھ اس کی مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے "ایکس" پر ایک بیان میں کہا کہ پیٹ ہیگستھ ہر ریٹائرڈ فوجی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اگر اس نے کوئی ایسی بات کہی جو اسے یا ڈونلڈ ٹرمپ کو پسند نہ آئی تو وہ اسے اسی طرح نشانہ بنائیں گے۔ یہ شرمناک اور غلط ہے۔ اس سے بڑھ کر کوئی چیز امریکی اقدار کے منافی نہیں ہو سکتی۔
گزشتہ نومبر میں مارک کیلی اور دیگر قانون سازوں۔ جو سب سابق فوجی اور انٹیلی جنس اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ نے امریکی فوج کے ارکان سے آئین پر کاربند رہنے اور غیر قانونی احکامات کو چیلنج کرنے کی اپیل کی تھی۔ 90 سیکنڈ کی یہ ویڈیو پہلی بار سینیٹر الیسا سلاٹکن کے "ایکس" اکاؤنٹ پر شائع ہوئی تھی۔ ویڈیو میں چھ قانون ساز۔ سلاٹکن، کیلی اور نمائندگان جیسن کرو، کرس ڈیلوزیو، میگی گڈلینڈر، اور کریسی ہولہان۔ براہ راست امریکی فوج کے ارکان سے مخاطب ہیں ۔ سلاٹکن نے کہا کہ امریکی فوجی ارکان اس وقت شدید دباؤ میں ہیں۔