انڈونیشا میں ایک سعودی سیاح ہلاک اور اس کے ہمراہ خاتون اس وقت شدید زخمی ہو گئی جب ایک سیاحتی ساحل پر ان کی جیٹ سکی سمندر کی بڑی لہروں سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ یہ حادثہ مغربی جاوا کے ساحل بوبالو پر پیش آیا۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق مرنے والے سعودی شہری حسن راضی المہنا کا جنازہ قانونی کارروائیاں پوری کرنے کے بعد سعودی عرب منتقل کر دیا گیا۔ سعودی سفیر فیصل العمودی نے سعودی شہریوں کو سمندری اور خطرناک کھیلوں میں احتیاط برتنے، مقامی حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے اور ہنگامی صورت حال میں سفارت خانے سے رابطہ کرنے کی تاکید کی۔
انڈونیشی حکام کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والی 41 سالہ انڈونیشی خاتون کا نام سیتی مریم ہے۔ یہ خاتون اور سعودی شہری دونوں نے زندگی بچانے والی جیکٹیں پہن رکھی تھیں۔ زخمی خاتون ابھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ حادثے کی تحقیقات پولیس کا واٹر اور ایئر یونٹ کر رہا ہے۔