2028 کے افریقہ کپ آف نیشنز کی میزبانی کے لیے درخواست نہیں دی: مصر
افریقی فٹ بال کنفیڈریشن کے صدر موتسیبی نے متعدد ملکوں کی جانب سے اظہار دلچسپی کا انکشاف کیا تھا
مصری وزارتِ کھیل کے سرکاری ترجمان محمد الشاذلی نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اب تک 2028 کے افریقہ کپ آف نیشنز کی میزبانی کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی ہے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ اگر مقامی فٹ بال فیڈریشن نے اس کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کیا تو وہ مکمل طور پر تیار ہیں۔ افریقی فٹ بال کنفیڈریشن (کاف) کے صدر پیٹریس موتسیبی نے ہفتے کے روز اس بات کی تصدیق کی تھی کہ کئی ممالک نے 2028 کے افریقہ کپ کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے لیکن ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
جب محمد الشاذلی سے مصر کی جانب سے میزبانی کی درخواست پیش کرنے کی حقیقت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کو بتایا کہ ہم نے اب تک 2028 کے افریقہ کپ آف نیشنز کی میزبانی کی درخواست نہیں دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مصری ریاست کے نمائندہ سرکاری ادارے کے طور پر ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں اور ہماری سہولیات اور اسٹیڈیم مکمل طور پر سہولیات سے لیس ہیں لیکن تکنیکی لحاظ سے یہ معاملہ فٹ بال فیڈریشن کی صوابدید پر ہے۔
یاد رے آخری مرتبہ مصر نے 2019 میں افریقہ کپ کی میزبانی کی تھی جہاں الجزائر نے سینیگال کو ہرا کر ٹائٹل جیتا تھا۔ مصر کی ٹیم راؤنڈ آف سکسٹین میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔