سعودی شہزادہ فیصل بن ترکی کی نماز جنازہ مسجد الحرام میں ادا کر دی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

سعودی عرب کے شاہی خاندان کے رکن شہزادہ فیصل بن ترکی مکہ مکرمہ میں انتقال کر گئے ہیں۔

سعودی ایوانِ شاہی کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ شہزادہ فیصل بن ترکی کا انتقال گذشتہ روز ہوا، جس کے بعد شاہی خاندان اور عوامی سطح پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سعودی ایوانِ شاہی کے بیان کے مطابق شہزادہ فیصل بن ترکی کی نماز جنازہ المسجد الحرام میں ادا کی گئی، جس میں شاہی خاندان کے افراد، اعلیٰ حکومتی حکام، ممتاز علما، معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے پڑھائی ۔

ایوانِ شاہی کی جانب سے جاری بیان میں مرحوم شہزادے کے لیے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی اپیل کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ سعودی معاشرے میں شہزادہ فیصل بن ترکی کو ایک جہاندیدہ اور نرم خو شخصیت کے طور پر جانا جاتا تھا۔

مرحوم شہزادہ فیصل بن ترکی فلاحی اور سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتے تھے۔ عوامی سطح پر بھی ان کی خدمات کو سراہا جاتا تھا۔ شاہی خاندان اور عام شہریوں میں ان کی مقبولیت یکساں تھی اور انہیں ایک انسان دوست اور خدمت گزار شخصیت کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب خطے کے دیگر ممالک کی قیادت کی جانب سے بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے سعودی عرب کے فرمانروا اور خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو شہزادہ فیصل بن ترکی کے انتقال پر تعزیتی پیغام ارسال کیا۔ اسی طرح قطر کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حمد آل ثانی اور وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے بھی شاہ سلمان کو الگ الگ تعزیتی مراسلے بھیج کر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں