سعودی عرب میں الاحساء کھجور میلے لایا غیر معمولی معاشی سرگرمی
الاحساء کھجور کی پروسیسنگ کی صنعتوں میں ایک قومی نمونہ پیش کر رہا ہے: انجینئر عصام الملا
سعودی عرب میں الاحساء کی میونسپلٹی کے قلعے میں ’’ الاحساء مینوفیکچرڈ کھجور میلہ ‘‘ کی سرگرمیاں زائرین اور سرمایہ کاروں کی بھٗقرپور آمد کے ساتھ جاری ہیں۔ اس موقع پر الاحساء کے میئر انجینئر عصام الملا نے اس بات کی تصدیق کی کہ میلے نے خطے اور کھجور کی مصنوعات کے لیے بے مثال معاشی سرگرمی پیدا کی ہے۔ خلیجی ممالک اور مملکت کے مختلف علاقوں سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد قیادت کی جانب سے کھجور کے شعبے اور پروسیسنگ کی صنعتوں کو دی جانے والی عظیم حمایت کی عکاس ہے جو معیشت میں تنوع لانے اور امید افزا شعبوں کو بااختیار بنانے کے لیے سعودی ویژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
یہ میلہ الاحساء میونسپلٹی اور الاحساء ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام اور سعودی آرامکو کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کے تحت منعقد کیا گیا ہے۔ اس میں کھجور کے 80 کارخانے اور 40 سے زائد ریستورنٹس اور کیفے ایک چھت تلے جمع ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مخصوص تقریبات بھی شامل ہیں۔ ان تقریبات میں ’’چلڈرن اویسس‘‘ جو یونیسف میں الاحساء کے بطور ’’ بچوں کے دوست شہر ‘‘ رجسٹر ہونے کی مناسبت سے ہے۔ ایک ثقافتی گاؤں دستکاری اور لوک فنون کی نمائش کر رہا ہے۔ اسی طرح پام سونگ، نمائش، انٹرایکٹو کچن اور فائن آرٹ اویسس بھی شامل ہیں۔
بے مثال معاشی قدر و قیمت
انجینئرعصام الملا نے ’’ العربیہ ڈاٹ نیٹ ‘‘ کو دیے گئے ایک پریس بیان میں کہا کہ الاحساء مینوفیکچرڈ کھجور میلے نے اس سال بے مثال معاشی تحرک حاصل کیا ہے اور کھجور کی تیار شدہ مصنوعات کی طلب بڑھانے، مقامی فیکٹریوں کی مدد کرنے، سرمایہ کاری کو تحریک دینے اور کھجور کے پروڈیوسرز اور کاروباری افراد کے لیے مارکیٹنگ کے وسیع مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الاحساء اپنی عالمی زرعی میراث کے باعث اپنی نسبتی خصوصیات کو معاشی اور ترقیاتی مواقع میں بدلنے میں کامیاب رہا ہے۔ آج یہ میلہ سعودی کھجور کی اضافی قدر بڑھانے اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر اس کی موجودگی کو وسعت دینے کے لیے ایک اسٹریٹجک سٹیشن بن گیا ہے۔
زرعی شناخت کی سرمایہ کاری
انجینئرعصام الملا نے کہا ہے کہ یہ میلہ الاحساء کی مارکیٹنگ شناخت کو ایک ایسے ثقافتی اور سیاحتی مقام کے طور پر مستحکم کرتا ہے جو کھجور کے درختوں سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ الاحساء میونسپلٹی، شراکت داروں کے ساتھ مل کر، کھجور کی مارکیٹنگ کے نظام کو تیار کرنے اور اسے پیداواری اور درست معیارات کے ذریعے عالمی منڈیوں کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے پر کام کر رہی ہے۔ یہ میلہ گذشتہ ایڈیشنز کا تسلسل ہے جنہوں نے الاحساء کی حیثیت کو کھجور کے عالمی مرکز کے طور پر مستحکم کیا، ویلیو چینز کی مدد میں کردار ادا کیا، مینوفیکچرنگ کی صنعتوں کو بااختیار بنایا اور تجارتی شراکت داریوں کو وسعت دی ہے۔ اس میلے نے کھجور کے شعبے کو الاحساء کی شناخت اور اس کی تاریخی زرعی حیثیت سے وابستہ اہم ترین معاشی ذرائع میں سے ایک بنا دیا ہے۔