ہالینڈ کے زلزلہ پیما ماہر نے "سرپرائز" سے خبردار کر دیا ... 3 روز کا تعین
13 سے 15 فروری کے درمیان زمین، چاند اور سیارہ مشتری کا ملاپ
ہالینڈ کے زلزلہ پیما ماہر فرینک ہوگربٹس کی جانب سے روایتی متنازع پیش گوئیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انھوں نے جمعے کے روز آنے والے دنوں میں زمین پر زلزلے کی ممکنہ سرگرمیوں کے بارے میں ایک نیا انتباہ جاری کیا ہے۔ تاہم اس بار انہوں نے کسی "سرپرائز" یا اچانک افتاد سے خبردار کیا ہے۔
اجرامِ فلکی کی ترتیب جسے وہ "سیاروں کی جیومیٹری" کا نام دیتے ہیں، اس کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے بتایا کہ 13 سے 15 فروری کے درمیان زمین، چاند اور مشتری کے ایک ہی لائن میں آنے کی وجہ سے زلزلے کی سرگرمیاں بڑھ سکتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ وڈیو میں ہوگربٹس نے کہا "میں آپ کو 13 سے 15 فروری تک انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ دیتا ہوں، کیونکہ اس دوران ایک بڑا زلزلہ آ سکتا ہے اور کوئی حیران کن واقعہ پیش آ سکتا ہے۔"
دوسری جانب سائنسی طبقہ ہالینڈ کے اس محقق کے نظریات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔ سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ یہ نظریات غیر سائنسی ہیں اور سیاروں کی گردش کا زمین پر زلزلوں سے کوئی تعلق نہیں، جسے موجودہ سائنسی بنیادوں پر نا ممکن قرار دیا جاتا ہے۔ ہوگربٹس کی 2026 کے آغاز میں تباہ کن زلزلے سے متعلق حالیہ پیش گوئیوں نے بھی سوشل میڈیا پر کافی بے چینی پھیلا دی ہے۔
ارضیات اور فلکیات کے ماہرین کی تنقید کے باوجود ہوگربٹس اپنے اس نظریے پر قائم ہیں کہ سیاروں کی حرکت زمین پر اثر انداز ہوتی ہے۔ وہ "سولر سسٹم جیومیٹری سروے" (SSGEOS) نامی تحقیقی ادارے کے سربراہ ہیں جو اجرامِ فلکی اور زلزلوں کے تعلق پر کام کرتا ہے۔ ہوگربٹس کی شہرت فروری 2023 میں ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے سے شروع ہوئی تھی، جس کے بارے میں انہوں نے تین دن قبل پیش گوئی کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے وہ مسلسل سوشل میڈیا پر زلزلوں کی پیش گوئیاں کر رہے ہیں۔