فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے 'تمام ضمانتیں' موجود ہیں: صدر میکسیکو
اتوار کو ایک بڑے سمگلنگ لیڈر کے قتل کے بعد حالات معمول پر آنے لگے
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے منگل کو کہا ہے کہ ملک میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد کرنے کے لیے "تمام ضمانتیں" موجود ہیں۔ ان کا یہ بیان میکسیکو کے انتہائی مطلوب سمگلنگ لیڈر کی گرفتاری اور موت کے بعد سامنے آیا ہے جو سڑکوں کی بندش، آتش زنی اور سکیورٹی جھڑپوں کا باعث بنی بالخصوص جلیسکو ریاست میں۔
کیا یہ اعلیٰ بین الاقوامی فٹ بال ٹورنامنٹ جس کے میچز کے لیے میکسیکو سٹی، مونٹیری اور جالیسکو کے دارالحکومت گواڈالاجارا میں تمام دنیا سے شائقین کے جمِ غفیر کی آمد متوقع ہے، لوگوں کے لیے کسی خطرے کا باعث ہو گا تو جواب میں شین بام نے کہا، "کوئی خطرہ نہیں ہے۔"
انہوں نے کہا کہ "ایل مینچو" کے نام سے معروف سمگلنگ لیڈر نیمیسیو اوسیگویرا کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی گئی جو اس کی موت پر منتج ہوئی۔ اس کے بعد گروہ کے ارکان نے اتوار کے روز پرتشدد حملے منظم کیے جس کے بعد حالات معمول پر آنے لگے۔
شین بام نے صبح ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ راتوں رات سڑکوں پر کئی نئی بندشیں لگا دی گئیں لیکن کہا کہ سکیورٹی فورسز امن و امان بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
شین بام نے بہت حد تک اپنے پیشرو اینڈریس مینوئل لوپیز اوبراڈور کے سیاسی طرزِ عمل کی پیروی کی ہے جنہوں نے "گولیوں کی بجائے گلے لگانے" کا نعرہ اختیار کرتے ہوئے غربت اور تشدد کی دیگر بنیادی وجوہات کے خاتمے کو ترجیح دی تھی۔ کیا اوسیگویرا کا قتل اس پالیسی سے علیحدگی کا اظہار ہے، اس کے جواب میں شین بام نے کہا، ایسا کبھی نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا، "وارنٹ گرفتاری کے ساتھ ایک مشتبہ مجرم کو حراست میں لینے سے اس قسم کے حالات پیدا ہو سکتے ہیں لیکن ہم امن کے خواہاں ہیں، جنگ کے نہیں۔"
سینالووا ریاست میں حالیہ برسوں میں کارٹیل کی دیگر اعلیٰ شخصیات کی گرفتاریاں اس کی طرف سے جوابی کارروائیوں کی بھی وجہ بنی ہیں جن میں فائرنگ اور گاڑیوں کو آگ لگانا شامل ہے۔
میکسیکو فیفا ورلڈ کپ کے 104 میں سے 13 میچز کی میزبانی کرے گا۔ ان میں سے چار گواڈالاجارا میں ہوں گے۔ یہ 11 جون کو ٹورنامنٹ کے افتتاح سے پہلے چند ابتدائی وارم اپ میچز کا بھی میزبان ہو گا۔