آسمان سے برسے لاکھوں ڈالرز کو حکومت تلف کرنے کی راہ پر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

بولیویا کے حکام 62 ملین ڈالر کے مساوی کرنسی نوٹوں کو تلف کرنے کے لیے وقت کے خلاف دوڑ رہے ہیں، جو ملک کے دوسرے بڑے شہر ایل آلتو کے اوپر فضا میں بکھر گئے تھے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فوجی کارگو طیارہ جو مرکزی بینک کے لیے رقم لے جا رہا تھا،اور وہ حادثے کا شکار ہو گیا۔

یہ طیارہ 1 کروڑ 70 لاکھ نئے کرنسی نوٹ لے جا رہا تھا، جن کی مجموعی مالیت 423 ملین بولیویانو تھی۔

جمعے کی سہ پہر ایل آلتو کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہونے والے اس حادثے میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور 37 زخمی ہوئے۔

مرکزی بینک کے مطابق زیادہ تر زخمی وہ افراد تھے جو حادثے کے مقام کے قریب سے گزرنے والی گاڑیوں میں سوار تھے۔

افراتفری کے دوران رقم سمیٹنے کی دوڑ

طیارہ گرنے کے بعد کرنسی نوٹ شہر کے گنجان آباد علاقوں میں وسیع پیمانے پر بکھر گئے، جس کے بعد ہزاروں افراد زیادہ سے زیادہ رقم جمع کرنے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔ اسی دوران امدادی ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف تھیں، جبکہ سیکیورٹی اہلکار بکھرے ہوئے نوٹوں کو فوری طور پر جلانے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ انہیں گردش میں آنے سے روکا جا سکے، جیسا کہ بلومبرگ نے رپورٹ کیا۔

مرکزی بینک کے سربراہ ڈیوڈ ایسپینوزا کے مطابق تقریباً 30 فیصد رقم حکام کے علاقے کو محفوظ بنانے سے پہلے ہی لوٹ لی گئی۔ اب علاقے کو پولیس اور فوج نے گھیرے میں لے لیا ہے۔ ہفتے کی علی الصبح تک مقامی افراد ملبے کے درمیان نوٹ تلاش کرتے رہے۔

نائب وزیر داخلہ ہرنان پاریڈیس کے مطابق افراتفری کے عروج پر تقریباً 20 ہزار افراد وہاں جمع تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہجوم میں "تخریب کار گروہ" بھی شامل تھے، جس کے بعد 49 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب بولیویا جو لاطینی امریکا کے غریب ترین ممالک میں شمار ہوتا ہے، شدید مہنگائی کا سامنا کر رہا ہے۔

گزشتہ سال افراطِ زر تقریباً 25 فیصد تک پہنچ گیا تھا، جو حالیہ مہینوں میں کم ہو کر 20 فیصد سے نیچے آیا ہے۔

نئے صدر روڈریگو باز ملک کی کمزور مالی صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔بکھرے ہوئے نوٹوں کی مالیت 10 سے 50 بولیویانو (سرکاری شرح تبادلہ کے مطابق تقریباً 1.5 سے 7 ڈالر) کے درمیان تھی، تاہم بلیک مارکیٹ میں ان
کی قدر تقریباً 30 فیصد کم ہے۔ بولیویا میں کم از کم ماہانہ اجرت 3300 بولیویانو ہے۔

بکھری ہوئی کرنسی فوری منسوخی

مرکزی بینک نے اعلان کیا کہ حادثے کا شکار طیارے میں موجود تمام کرنسی نوٹوں کی مخصوص سیریز فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہے اور شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ان نوٹوں کو استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں۔

مالیاتی نظام کی نگران اتھارٹی (ASFI) نے بھی خبردار کیا کہ ان نوٹوں کو گردش میں لانے کی کوئی بھی کوشش قانونی کارروائی کا سبب بنے گی۔

اگرچہ بینک ڈیجیٹل نظام کے ذریعے نوٹوں کی سیریز کی تصدیق کر سکتے ہیں، لیکن حکام جانتے ہیں کہ بولیویا میں زیادہ تر روزمرہ لین دین نقد ہوتا ہے اور اکثر تاجر نوٹوں کے سیریل نمبر چیک نہیں کرتے۔

صورت حال مزید پیچیدہ اس وقت ہو گئی جب حکومت نے بتایا کہ اسی سیریز کے کچھ نوٹ حادثے سے پہلے ہی گردش میں آ چکے تھے، جس سے چوری شدہ اور قانونی طور پر جاری شدہ نوٹوں میں فرق کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

ASFI نے اپنے بیان میں کہا:حادثے سے متعلق تمام کرنسی نوٹوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس سیریز کا کوئی بھی نوٹ موصول ہونے پر ضبط کریں اور اسے جمع کرانے والے شخص کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں