امریکی خفیہ سروس نے ہفتہ کے روز اعلان کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ہر سال منعقد ہونے والے کوریسپونڈنٹس ڈنر میں فائرنگ کے واقعے کے بعد ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
ادارہ جو صدر اور اہم شخصیات کے تحفظ کا ذمہ دار ہے، اس نےاپنے بیان میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا محفوظ ہیں اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
بیان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
خفیہ سروس نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ تقریب کے مرکزی سیکیورٹی چیک پوائنٹ کے علاقے میں پیش آیا۔اس سے قبل ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ''ٹروتھ سوشل'' پر اطلاع دی تھی کہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ تقریب کے ذمہ دار نمائندوں سے رابطے میں ہیں، تقریب کو 30 دن کے اندر دوبارہ شیڈول کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پروٹوکول کے مطابق عمارت خالی کرانے کی ہدایت کی۔
لیٹ جاؤ، لیٹ جاؤ!
یہ اس وقت پیش آیا جب ہفتہ کی رات وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے عشائیے سے صدر اور ان کی اہلیہ کو خفیہ سروس کے اہلکار اچانک باہر لے گئے، کیونکہ تیز دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دی تھیں۔
رائٹرز کے مطابق آواز سنتے ہی تقریب میں موجود افراد فوراً خاموش ہو گئے اور لوگ چیخنے لگے: ''لیٹ جاؤ، لیٹ جاؤ!''اس کے بعد سینکڑوں مہمان میزوں کے نیچے چھپ گئے جبکہ خفیہ سروس کے اہلکار جنگی لباس میں تیزی سے ہال میں داخل ہوئے۔
صدر ٹرمپ اور میلانیا نے بھی اسٹیج کے پیچھے پناہ لی، تاہم انہیں فوراً باہر نکال لیا گیا۔
تقریب میں موجود تقریباً 2600 افراد میں سے کئی نے خود کو چھپا لیا، جبکہ ویٹرز ہال کے اگلے حصے کی طرف بھاگ گئے۔