پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے [آئی ایس پی آر] نے بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندرا دویویدی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم اور تسلیم شدہ ایٹمی طاقت ہے۔
شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ جغرافیے اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے یا نہیں۔
اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کے جغرافیے اور تاریخ کا ناقابلِ تردید حصہ ہے اور اس کی حیثیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارتی قیادت آج تک پاکستان کے وجود کو دل سے قبول نہیں کر سکی اور آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود ماضی سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا گیا۔ شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق یہی متکبرانہ، جنگ پسند اور تنگ نظر سوچ جنوبی ایشیا کو بارہا جنگوں اور بحرانوں کی طرف دھکیلتی رہی ہے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے نے مزید کہا کہ ایک خودمختار ایٹمی ہمسایہ ملک کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکیاں نہ کوئی تزویراتی پیغام ہیں اور نہ ہی سفارتی دباؤ، بلکہ یہ ذہنی دیوالیہ پن، انتہا پسند سوچ اور جنگی جنون کی عکاسی کرتی ہیں۔
بیان میں زور دیا گیا کہ ذمہ دار ایٹمی ریاستیں ہمیشہ تحمل، دانشمندی اور تزویراتی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔