سعودی عرب اور عالمی ادارہ صحت غزہ کے ہسپتالوں میں غذائی خدمات بڑھانے میں مصروف

پٹی میں صحت کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے شاہ سلمان امدادی مرکز کے منصوبے جاری ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

سعودی عرب اور عالمی ادارہ صحت نے غزہ کی پٹی میں بنیادی صحت کے مراکز اور ہسپتالوں میں غذائی خدمات کو مستحکم کرنے کے لیے ایک مشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کیے ہیں۔

یہ پروگرام پٹی میں فلسطینی عوام کی امداد کے لیے سعودی عوامی مہم کا حصہ ہے۔ اس پروگرام سے لگ بھک دو لاکھ 58 ہزار 223 افراد براہ راست مستفید ہوں گے۔ 11 لاکھ 72 ہزار 467 افراد بالواسطہ طور پر اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔

یہ پروگرام شدید غذائی قلت کے معاملات، خاص طور پر طبی پچیدگیوں کے شکار مریضوں کے لیے غذائی علاج کی فراہمی اور دستیابی کے ذریعے صحت اور غذائیت کی صورتحال کو بہتر بناتا ہے۔ اس کے لیے شدید غذائی قلت کے علاج کے لیے ایک مکمل طبی کٹ خریدی اور تقسیم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں صحت کی مختلف سہولیات کو ضروری طبی سامان، غذائی سپلیمنٹس، وٹامنز، معدنیات، خصوصی غذائی مرکبات اور ورید کے ذریعے دی جانے والی غذا کے محلول فراہم کیے جائیں گے۔

یہ پروگرام ان انسانی اور امدادی منصوبوں کے سلسلے کا حصہ ہے جو مملکت اپنے انسانی بازو شاہ سلمان امدادی مرکز کے ذریعے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے فلسطین میں صحت کے شعبے کی ترقی اور فلسطینی عوام کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے پیش کر رہی ہے۔

اسی دوران شاہ سلمان امدادی اور انسانی خدمات مرکز کا مرکزی باورچی خانہ غزہ کی پٹی میں گرم کھانوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ کھانوں کی یہ تقسیم بھی غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کی امداد کے لیے سعودی عوامی مہم کا حصہ ہے۔ مرکزی باورچی خانے نے گزشتہ سے پیوستہ روز غزہ کی پٹی کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں سب سے زیادہ ضرورت مند طبقات میں 24,500 گرم کھانے تقسیم کیے۔ ان کھانوں سے 24,500 افراد مستفید ہوئے۔ یہ ان انسانی اور امدادی کوششوں کا حصہ ہے جو مملکت اپنے شاہ سلمان امدادی مرکز کے ذریعے پیش کر رہی ہے۔

شاہ سلمان امدادی مرکز نے گزشتہ روز غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں غذائی تحفظ کی معاونت کے لیے "سلال الخیر" منصوبے کے ذریعے 640 غذائی ٹوکریاں بھی تقسیم کیں۔ اس سے پناہ گزین طبقات کے 3,840 افراد مستفید ہوئے۔ یہ بھی فلسطینی عوام کی امداد کے لیے اسی مہم کا حصہ ہے۔

سعودی کلچرل اینڈ ہیریٹیج سینٹر۔ جو غزہ کی پٹی میں شاہ سلمان امدادی مرکز کا پروگرام نافذ کرنے کا شراکت دار ہے۔ کی فیلڈ ٹیموں نے متعدد ایسے پناہ گاہ مراکز کے اندر تقسیم کی کارروائیاں کیں جہاں ہزاروں پناہ گزین مقیم ہیں۔ یہ وہ پناہ گزین ہیں جنہیں موجودہ حالات نے اپنے علاقے چھوڑنے اور مشکل انسانی حالات میں رہنے پر مجبور کر رکھا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں