وینزویلا : دو زلزلوں کے نتیجے میں کم از کم 164افراد ہلاک اور 971 سے زائد زخمی

وینزویلا میں دو شدید زلزلے اور 30 آفٹر شاکس.. ہنگامی حالت کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 4 منٹ

وینزویلا کی خاتون عبوری صدر ڈلسی روڈریگز نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کی شام ملک میں آنے والے دو زلزلوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم 164افراد ہلاک اور 971سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

روڈریگز نے آج جمعرات کے روز قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ "اس وقت ہمیں 164افراد کی ہلاکت اور 971 سے زائد زخمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک دارالحکومت کے قریب واقع صوبے "لا گوایرا" کے بارے میں مکمل معلومات موجود نہیں ہے، جو ان کے مطابق سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق بدھ کی شام وینزویلا میں 7.2 اور 7.5 شدت کے دو زلزلے آئے جن کے بعد 30 آفٹر شاکس (زلزلہ کے بعد کے جھٹکے) ریکارڈ کیے گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ "یہ زلزلہ ایک جڑواں زلزلے کا دوسرا حصہ تھا"۔ ادارے نے پہلے سے لگائے گئے 7.1 شدت کے تخمینے کو درست کر کے 7.2 کر دیا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ کاراکاس میں عمارتوں کے گرنے اور پڑوسی ملک کولمبیا میں محسوس کیے جانے والے یہ زلزلے ایک منٹ کے اندر دو مختلف مقامات پر آئے، جن کے درمیان فاصلہ تقریباً 45 کلومیٹر تھا اور ان کی گہرائی بھی مختلف تھی۔

کراکس کے رہائشی زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتوں کے ہلنے کے بعد فوری طور پر باہر نکل آئے۔ ایک چشم دید گواہ نے بتایا کہ ان کے اپارٹمنٹ کے ایک حصے میں دراڑیں پڑ گئیں اور داخلی راستے کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ادھر امریکی جیولوجیکل سروے نے اشارہ دیا کہ وینزویلا کے زلزلوں سے جانی نقصان کا امکان "بہت زیادہ" ہے۔

زلزلوں کے فوری بعد صدر روڈریگز نے ملک میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔ بدھ کی رات ٹیلی ویژن پر خطاب میں انہوں نے بتایا کہ 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلوں اور بعد کے 30 جھٹکوں کی وجہ سے کراکس میں کئی عمارتیں گر گئیں اور دارالحکومت کو سروس فراہم کرنے والا "مائیکیٹیا" انٹرنیشنل ایئرپورٹ "انفراسٹرکچر کو شدید نقصان" پہنچنے کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

امریکی نظام برائے انتباہِ سونامی نے زلزلے کے بعد پورٹو ریکو اور امریکی و برطانوی ورجن جزائر میں سمندری لہریں اٹھنے کے امکان پر انتباہ جاری کیا ہے۔ امریکی ادارے کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے ساحل کے قریب واقع جزائر خطرناک لہروں کی زد میں آ سکتے ہیں۔

اسی دوران، جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے شمال میں 6.9 شدت کا زلزلہ آیا ہے، تاہم سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ یہ زلزلہ ملک کے شمال میں واقع "ایواتے" علاقے کے قریب آیا، جس کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 50 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

جاپان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ زلزلے آتے ہیں، جس کی وجہ اس کا بحر الکاہل کے گرد "رنگ آف فائر" نامی زلزلہ خیز خطے میں واقع ہونا ہے، جہاں کئی ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ملتی ہیں۔ ملک میں ہر سال ہزاروں زلزلے آتے ہیں جن میں سے زیادہ تر کمزور ہوتے ہیں، لیکن اس کی تاریخ تباہ کن زلزلوں سے بھری پڑی ہے۔

دوسری جانب وینزویلا بھی کیریبیئن خطے میں ٹیکٹونک پلیٹوں کے سنگم کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے زلزلوں کا شکار رہتا ہے۔ خاص طور پر کیریبیئن سی فالٹ لائن کے ساتھ، تاہم یہ جاپان کے مقابلے میں زلزلہ خیزی کے لحاظ سے کم فعال ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں