سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے نواح میں واقع ایک جیل میں اتوار کی شام ہونے والے پرتشدد ہنگاموں کے دوران کم از کم 19 قیدی اور 4 جیل اہلکار ہلاک ہو گئے۔
نیگومبو اسپتال کی ڈائریکٹر پشبا گاملاتھ نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (AFP) کو بتایا کہ ہنگاموں کے بعد 100 سے زائد زخمی قیدیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق جھڑپوں کا آغاز اس وقت ہوا جب تقریباً 10 ہزار قیدیوں پر مشتمل جیل میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث دو حریف گروہوں کے درمیان تصادم شروع ہو گیا۔
ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا، صورتحال مکمل طور پر قابو سے باہر ہو گئی تھی، اور ہنگاموں پر قابو پانے کی کوشش کے دوران چار جیل اہلکار ہلاک ہو گئے۔
اسپتال کی ڈائریکٹر کے مطابق بعض ہلاک اور زخمی افراد کو گولیاں بھی لگی تھیں۔صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی خصوصی فورس کے دستے طلب کیے گئے، تاہم وہ جیل کے احاطے میں داخل نہیں ہوئے، جبکہ قیدیوں کے اہلِ خانہ کی بڑی تعداد جیل کے باہر جمع رہی۔
یاد رہے کہ دسمبر 2020 میں بھی سری لنکا کی ایک جیل میں کووڈ-19 وبا کے دوران ہونے والی بغاوت میں 11 افراد ہلاک اور 117 زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد حکومت نے سیکڑوں قیدیوں کو رہا کر دیا تھا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اتوار تک سری لنکا کی جیلوں میں 41 ہزار 250 قیدی موجود تھے، جو ملک کی جیلوں کی مجموعی گنجائش سے تقریباً چار گنا زیادہ ہیں۔