کُلنری آرٹس کمیشن ایک نئے تعلیمی پروگرام کے ذریعے قومی صلاحیتوں کو اہل بنا رہی ہے
ایک سالہ پروگرم چھ تعلیمی اداروں کے تعاون سے لاگو، لیبر مارکیٹ کی ضروریات پورا کرنا بھی مقصد
سعودی عرب میں کُلنری آرٹس کمیشن (غذائی فنون کمیشن) نے متعدد منظور شدہ سعودی یونیورسٹیوں اور اداروں کے ساتھ شراکت میں اپنے تعلیمی پروگرام کا دوسرا ایڈیشن شروع کردیا۔ اس کا مقصد تعلیمی اہلیت اور عملی تربیت کو یکجا کرنے والے ایک پروگرام کے ذریعے فن طباخی یا کھانا پکانے کے فن کے شعبہ کے لیے اہل قومی کیڈرز تیار کرنا ہے تاکہ لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اور مملکت میں اس شعبے کی ترقی میں مدد مل سکے۔
یہ پروگرام ہیومن کیپیٹل کو ترقی دینے، قومی صلاحیتوں کو بااختیار بنانے اور فن طباخی کے شعبے میں تعلیم و تربیت کے معیار کو بڑھانے کے لیے اتھارٹی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ یہ سعودی ’’ ویژن 2030 ‘‘ کے اہداف کے عین مطابق بھی ہے۔
ایک سالہ محیط اکیڈمک ڈپلومہ
یہ پروگرام ایک مکمل تعلیمی سال کے لیے منظور شدہ اکیڈمک ڈپلومہ پیش کرتا ہے جو شرکاء کو ماہر تعلیمی اداروں سے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ فراہم کرتا ہے۔ اس میں نظریاتی مطالعہ اور عملی اطلاق کو یکجا کرنے پر توجہ دی گئی ہے تاکہ ایسے کیڈرز تیار کیے جا سکیں جو کھانا بنانے کے فن کے مختلف شعبوں میں کام کرنے کے لیے ضروری تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے حامل ہوں۔ پروگرام کا مقصد طلبہ اور فارغ التحصیل افراد کو علم اور عملی تجربات سے روشناس کرا کے قومی نتائج کی کارکردگی کو بلند کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماہر تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانا ہے جو اس شعبے کی ترقی میں معاون ثابت ہو۔
پیشہ ورانہ تربیت اور ملازمت کے مواقع
اس پروگرام میں ماہرین اور پروفیشنلز کی نگرانی میں عملی تربیت شامل کی گئی ہے۔ شرکاء کو منظور شدہ تعلیمی اسناد دی جاتی ہیں، جبکہ ملازمت کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں جو لیبر مارکیٹ میں شامل ہونے کے لیے گریجویٹس کی تیاری کو بڑھانے اور فن طباخی کے شعبے میں ان کے پیشہ ورانہ راستوں کو سہارا دینے میں مدد کرتے ہیں۔
سعودی یونیورسٹیوں اور اداروں کے ساتھ شراکت داری
یہ پروگرام چھ تعلیمی اداروں کے تعاون سے لاگو کیا جا رہا ہے۔ یہ چھ ادارے پرنس سلطان یونیورسٹی، پرنس مقرن یونیورسٹی، کنگ خالد یونیورسٹی، ام القری یونیورسٹی، البترجی میڈیکل کالج اور سعودی اکیڈمی آف کولینری آرٹس "زادک" ہیں۔ یہ شراکت داریاں اس شعبے میں خصوصی تعلیمی نظام کو ترقی دینے کے فریم ورک کے تحت کی گئی ہیں۔
جولائی کے آخر تک درخواستوں کی وصولی
اس پروگرام کا ہدف ہائی سکول سرٹیفکیٹ یا یونیورسٹی کی ڈگری رکھنے والے وہ افراد ہیں جن کی عمر 18 سال یا اس سے زیادہ ہے۔ رواں جولائی کے آغاز میں رجسٹریشن کا دروازہ کھلنے کے بعد رجسٹریشن کی درخواستیں 31 جولائی 2026 تک موصول کی جاتی رہیں گی۔ یہ پروگرام قومی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کرنے اور ماہرین کی ایک نئی نسل کو تیار کرنے کی طرف کُلنیری آرٹس کمیشن کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے جو سعودی کُکنگ کے شعبے کو ترقی دینے اور مقامی و بین الاقوامی سطح پر اس کی موجودگی کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے اہل ہوں۔