برطانوی اخبار "دی انڈیپنڈنٹ" کی ایک رپورٹ کے مطابق جسے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" نے دیکھا ہے، گذشتہ منگل کی ہنگامہ آرائی کے باعث ایک برطانوی فضائی کمپنی "ایزی جیٹ" کی ایک پرواز کو اسپین میں اسی ہوائی اڈے پر واپس اترنا پڑا جہاں سے اس نے اڑان بھری تھی، اور وہ اپنا سفر مکمل نہ کر سکی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارے میں سوار تقریباً 10 مسافروں کے درمیان ایک بڑا جھگڑا شروع ہو گیا۔
یہ پرواز منگل 21 جولائی کو ہسپانوی جزائر میں سے ایک جزیرے کے "تینیرائف جنوبی" ہوائی اڈے سے لیورپول کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ تاہم طیارے میں پیدا ہونے والی شدید افراتفری کے باعث کپتان کو پرواز کے آغاز کے صرف 30 منٹ بعد ہی واپس پلٹنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کے مطابق پرواز (EZY3352) کے کپتان نے پرواز کے تقریباً 30 منٹ بعد واپسی کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ اس جھگڑے سے پرواز کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔
منگل کی شام جب طیارہ "تینیرائف جنوبی" ہوائی اڈے پر واپس اترا تو طیارے کے عملے کی درخواست پر پولیس بد نظمی پیدا کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے وہاں موجود تھی۔
"ایزی جیٹ" نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسافروں کے ایک گروہ کی بد نظمی کے باعث طیارہ واپس لوٹا تھا، تاہم اس کے بعد پرواز نے لیورپول کے لیے اپنا سفر دوبارہ شروع کیا۔
یہ واقعہ بعض غیر ذمہ دار مسافروں کے باعث پروازوں کو در پیش مسلسل خدشات کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس وقت برطانوی حکومت ایک نئی تجویز پر غور کر رہی ہے جس کے تحت ایئرلائنز کو معلومات کے تبادلے کی اجازت ہوگی تا کہ خلل ڈالنے یا بد نظمی پھیلانے والے افراد کے تمام ایئرلائنز پر سفر کرنے پر پابندی لگائی جا سکے۔
بعد ازاں186 مسافروں کو لے جانے والے طیارے نے بعد میں برطانیہ کے شہر لیورپول کے لیے اپنا سفر جاری رکھا۔
"ایزی جیٹ" نے اپنے بیان میں کہا کہ طیارہ واپس ایئرپورٹ پر اترا اور بد نظمی پھیلانے والے مسافروں کے رویے کے باعث پولیس نے اسے اپنے تحویل میں لیا، جس کے بعد پرواز لیورپول کے لیے روانہ ہو گئی۔
کمپنی نے مزید کہا "ہمارے فضائی اور زمینی عملے کو تمام صورت حال کا اندازہ لگانے اور فوری و مناسب کارروائی کرنے کی تربیت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی وقت پرواز یا دیگر مسافروں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔"
بیان کے اختتام میں کہا گیا "ہم ایسے واقعات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں اور اپنے عملے کے ساتھ بد نظمی کے رویے کو بالکل برداشت نہیں کرتے۔ مسافروں اور عملے کی سلامتی اور بہتری ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہتی ہے۔"