حکومتی عہدہ سنبھالنے کے لئے 'الجزیرہ' کے ڈائریکٹر جنرل مستعفی
نئی حکومت میں ملنے والا عہدہ تاحال معلوم نہیں ہو سکا
قطر سے نشریات پیس کرنے والے 'الجزیرہ' نیوز چینل نے اپنے ایک نشریئے میں انکشاف کیا ہے کہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل احمد بن جاسم آل ثانی کو نئے امیر قطر کی جانب سے تشکیل دی جانے والی حکومت میں اہم سرکاری عہدے پر تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔ اس پیش رفت کی وجہ سے احمد بن جاسم نے چینل کی ڈائریکٹر شپ سے استعفی دے دیا ہے۔
چینل کی نیوز ویب سائٹ پر اپنے بیان میں احمد بن جاسم نے کا کہنا ہے کہ وہ 'اپنے ملک کی خدمت' کے لئے ٹی وی چینل نیٹ ورک کے سربراہ کے عہدے سے استعفی دے رہے ہیں، تاہم بیان میں اس امر کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا کہ انہیں نئی تشکیل دی جانے والی حکومت میں کونسا عہدہ دیا جا رہا ہے۔
قطر کے وزیر خارجہ اور وزیر اعظم شیخ حماد بن جاسم آل ثانی سمیت متعدد وزراء کو نئی تشکیل دی جانے والی کابینہ میں ہونے والی رد و بدل کی وجہ سے ان کے عہدوں سے سبکدوش کیا جا چکا ہے۔
الجزیرہ نے یہ بھی نہیں بتایا کہ مستعفی ہونے والے چینل کے سربراہ کی جگہ کسے نیا ڈائریکٹر مقرر کیا جا رہا ہے۔ جاسم آل ثانی نے سن دو ہزار گیارہ میں مستعفی ہونے والے ڈائریکٹر وضاح خنفر کے استعفی کے بعد چینل کی سربراہی کا منصب سنبھالا تھا۔