یمنی خاتون 20 سال سے قید منگیتر کی محبت کی اسیر
وفا شعار خاتون مقدمہ قتل میں سزا یافتہ 'محبت' کو معصوم سمجھتی ہے
بیس سال سے اپنے منگیتر کے انتظار میں بیٹھی یمنی خاتون کے لیے کویت کے لوگوں کی ڈھیروں دعائیں جاری ہیں، کہ ایسی مثالیں اب کم ہی ملتی ہیں۔ وفا شعاری کی مثال بننے والی اس خاتون کا منگیتر منگنی کے کچھ ہی عرصہ بعد ایک قتل کے مقدمے میں جیل چلا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 1993 میں اس خاتوں کی منگنی ہوئی تھی لیکن شادی سے پہلے ہی اس کے منگیتر کو جیل جانا پڑ گیا۔ تب سے اس خاتون نے طے کرلیا تھا کہ وہ اپنے منگیتر کے ساتھ شادی کے لیے اس کا انتظار کرے گی۔ کیوں کہ اسے اعتماد ہے کہ اس کا منگیتر معصوم اور بے گناہ ہے اور اسے جان بوجھ کر مقدمے میں پھنسایا گیا ہے۔
اس طویل انتظار کی وجہ سے بوڑھی ہونے والی خاتون کو اس کے عزیز و اقارب نے یہ مشورے بھی دیے کہ وہ ایک جیل میں پڑے شخص کے لیے نہ بیٹھی رہے اور کسی دوسرے مرد سے شادی کر لے۔ لیکن اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے منگیتر کا اس وقت تک انتظار کرے گی جب تک اسے رہا کر کے گھر نہیں آنے دیا جاتا۔