''ٹیکسٹ اور ڈرائیو ایک ساتھ نہ کریں''لبنانی پاپ اسٹار پیغام پھیلائیں گی

حیفا وہبی ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کے خلاف مہم چلائیں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

اپنی بے باک ویڈیوز اور دنیا بھر میں فیشن شوز کے لیے مشہور لبنان کی پاپ اسٹار حیفا وہبی اب ایک نئے روپ میں سامنے آئی ہیں اور وہ اپنے آبائی وطن میں انسانی کاز کے لیے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے منفی مضمرات کے خلاف مہم چلائیں گی۔

حیفا وہبی کو جمعہ کو لبنان کی مواصلاتی سفیر برائے انسانی امور مقرر کیا گیا ہے۔وہ لبنانی نوجوانوں میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال نہ کرنے کے لیے مہم چلائیں گی اور اس کے نقصانات سے آگاہ کریں گی۔

ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) کی رپورٹ کے مطابق پاپ اسٹار ''ٹیکسٹ اور ڈرائیو ایک ساتھ نہ کریں'' کے عنوان سے مہم چلائیں گی اور یہ مہم سوشل نیٹ ورکس پر چلائی جائے گی۔اس میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے خطرات کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ اس کے نتیجے میں رونما ہونے والے حادثات کو کم سے کم کیا جاسکے۔

لبنان کی داخلی سکیورٹی فورسز اور ریڈ کراس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2013ء کے پہلے پانچ ماہ کے دوران موبائل فون کے استعمال یا دیگر وجوہ کی بنا پر قریباً پانچ ہزار سڑک حادثات پیش آئے تھے اور ان کے نتیجے میں ایک سو اسی افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔

لبنان کے وزیرمواصلات نکولس مورس سہنوئی نے نیوزکانفرنس میں حیفا وہبی کے تقرر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کی کثیر تعداد کے پیش نظر اس کاز کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گی۔

حالیہ ہفتوں کے دوران حیفا وہبی اپنی موسیقی سے غیر متعلق امور کی بنا پر شہ سرخیوں کا موضوع بنی ہیں اور انھوں نے مصر کے حالیہ دورے کے موقع پر فوج کے ساتھ اپنی محبت کا یوں اظہار کیا تھا کہ انھوں نے ایک فوجی کے ساتھ ٹینک پر چڑھ کر تصویر بنوائی تھی اور اس کو ٹویٹر پر مصری فوج کے احترام کے نام سے پوسٹ کیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں