جاسوسی کے جرم میں قید اسرائیلی عورت 26 ماہ کے بعد رہا

فلسطینی مزاحمت کاروں کے اہدافی قتل سے متعلق دستاویزات افشا کرنے پر سزا سنائی گئی تھی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

اسرائیل میں میڈیا کو خفیہ فوجی دستاویزات افشاء کرنے کے جرم میں قید خاتون کو چھبیس ماہ کے بعد جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ اس کو جاسوسی کے جرم میں قصوروار قرار دے کر ساڑھے چار سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

اسرائیل کے کمرشل ٹی وی اسٹیشن چینل 2 نے سابق فوجی خاتون انت کام کی دارالحکومت تل ابیب کے نزدیک واقع خواتین کی جیل نیو ترزہ سے رہائی کی فوٹیج نشر کی ہے۔اس نے جیل سے باہر نکلتے وقت جینز اور گہرے رنگ کی جرسی پہن رکھی تھی۔

جیل کے باہر رپورٹر اس کے منتظر تھے کہ وہ ان سے کچھ بولے گی لیکن اس نے صرف اتنا کہا''میں گھر جا رہی ہوں، خداحافظ''۔پھر وہ اپنے انتظار میں کھڑی کار میں سوار ہوکر رفوچکر ہوگئی اور صحافی حضرات اس کا منہ ہی تکتے رہ گئے۔

انت کام کو عدالت نے اکتوبر 2011ء میں مجرم قرار دے کر سزا سنائی تھی۔ اس نے اسرائیلی اخبار ہارٹز کو فوجی دستاویزات لیک کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ ہارٹز نے ان دستاویزات کی بنا پر 2008ء میں ایک مضمون میں انکشاف کیا تھا کہ صہیونی فوجیوں کو سپریم کورٹ کے ایک حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمت کاروں کے اہدافی قتل کی اجازت دی گئی تھی۔

اس کا کہنا تھا کہ وہ صہیونی فوج کی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں پالیسیوں کو طشت ازبام کرنا چاہتی تھی۔اس کی قید کی سزا کا آغاز نومبر 2011ء سے ہوا تھا لیکن دسمبر 2012ء میں سپریم کورٹ نے اس کی قید کی مدت میں ایک سال کی کمی کر دی تھی اور یہ قراردیا تھا کہ اس کی سزا سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ اس نے ریاست کی سلامتی کو کوئی نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی اور یہ کہ قید میں ٹرائل کے دوران اس کی گھر میں نظربندی کا عرصہ بھی شمار نہیں کیا گیا تھا۔

جنوری کے آغاز میں اسرائیلی جیل سروس کے پیرول بورڈ نے اس کی قبل از وقت رہائی کا حکم دیا تھا۔کام کی فراہم کردہ فوجی دستاویزات کی بنیاد پر ہارٹز میں رپورٹ شائع کرنے والے صحافی اُری بلیو کو چار ماہ کے لیے کمیونٹی سروس کی سزا سنائی گئی تھی۔اس صحافی نے پلی بارگین کے تحت اپنے پاس خفیہ فوجی دستاویزات کی موجودگی کا اعتراف کیا تھا اور انھیں حکام کے حوالے کرنے سے اتفاق کیا تھا۔

کام کے وکیل ایلان بامبیچ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی موکلہ بلیو اور اخبار ہارٹز کے خلاف تفتیش کاروں سے اپنے ذریعے کو چھپانے میں ناکامی پر قانونی چارہ جوئی کر رہی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں