شام میں ہلاک پانچ ایرانیوں کی مشہد میں تدفین
شام میں صدر بشارالاسد کے دفاع اور باغیوں کے خلاف لڑتے ہوئے مارے گئے پانچ افراد کو ملک کے شمال مشرقی شہر مشہد میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کی جانب سے جاری اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ شام میں لڑائی کے دوران پانچ ایرانی رضاکار مارے گئے تھے جن کی میتیں مذہبی اہمیت کے حامل شہر مشہد میں لائی گئیں جہاں انہیں سپرد خاک کیا گیا ہے۔
پانچ مہلوکین شام میں مقدس مقامات کی حفاظت پر مامور تھے۔ ان سب کا تعلق مشہد سے ہی تھا۔ وہ چند روز پیشتر شامی باغیوں کے ایک حملے میں مارے گئے تھے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مرنے والے پانچوں رضاکار اپنی مرضی سے شام گئے تھے۔ ان کا شام آنے کا مقصد سیدہ زینب اور سیدہ الرقیہ کے مزارات کی حفاظت کرنا تھا۔
خیال رہے کہ ایران اپنے سرکاری موقف بموجب شام کے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کر رہا ہے لیکن شام میں موجود اس کے فوجی محض مشاورتی رہ نمائی کا کام کر رہے ہیں، تاہم تواتر کے ساتھ ایرانی فوجیوں، پاسداران انقلاب کے ارکان، پاسیج اور القدس ملیشیا کے جنگجوؤں کی ہلاکتوں سے ایرانی حکومت کے غیرجانب داری کے دعووں کی تردید ہوتی ہے۔