انتہا پسندی کا خاتمہ، دو ریاستی حل سے ممکن: کیری

دو اسرائیلی وزراء نے امریکی وزیر خارجہ کے بیان کی مذمت کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل، فلسطینی تنازعے کے جاری رہنے کی وجہ سے داعش کو جنگجو بھرتی کرنے کا جواز مل رہا ہے۔ انھوں نے تنازعے کے دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

جان کیری نے یہ بات محکمہ خارجہ واشنگٹن میں مسلمانوں کے اعزاز میں عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ''میں نے خطے میں جس کسی لیڈر سے بھی بات کی ہے،اس نے میرے ساتھ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کا مسئلہ اٹھایا ہے اور ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ سے ہی داعش کو جنگجو بھرتی کرنے کا جواز مل رہا ہے،لوگوں میں غیظ وغضب پایا جاتا ہے اور وہ احتجاج کے موڈ میں ہیں''۔

انھوں نے کہا کہ ''لوگوں کو اس معاملے کے درمیان تعلق کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔اس لیے اہم بات یہ ہے کہ فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے طریقے تلاش کیے جائیں''۔

امریکی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ''اسرائیل، فلسطینی تنازعے کا اب بھی دو ریاستی حل ممکن ہے۔ میں آج بھی اس بات میں یقین رکھتا ہوں کہ ہمیں اس کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ہمیں دوریاستی حل کے لیے طریقے تلاش کرنے چاہئیں۔ ایسی دو ریاستیں جو ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ رہ سکیں اور ان دونوں کے عوام کی امنگوں کا احترام کیا جائے۔''

جان کیری گذشتہ ہفتے یورپ اور مصر کے دورے کے بعد امریکا لوٹے ہیں۔انھوں نے گذشتہ اتوار کو قاہرہ میں جنگ زدہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لیے منعقدہ عالمی امدادی کانفرنس میں شرکت کی تھی۔ اس کانفرنس میں بھی انھوں نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر زور دیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی حکومت کے دو سینیر وزراء نے جان کیری کے اس مؤقف کو مسترد کردیا ہے کہ اسرائیلی، فلسطینی تنازعے کی وجہ سے اسلامی انتہا پسندی کو فروغ مل رہا ہے۔

صہیونی ریاست کے وزیر مواصلات گیلاد ایردن نے اسرائیلی پبلک ریڈیو کے ساتھ جمعہ کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ''میں جان کیری اور ان کی کوششوں کا احترام کرتا ہوں لیکن انھوں نے ہمارے خطے اور اس کے تنازعات کی نوعیت سے متعلق عدم تفہیم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔اس مرتبہ تو انھوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے''۔

اسرائیل کی دائیں بازو کی جماعت جیوش ہوم پارٹی سے تعلق رکھنے والے اقتصادی امور کے وزیر نفتھالی بینیٹ کا کہنا ہے کہ دنیا اپنے مسائل کے لیے اسرائیل کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتی ہے۔

ان صاحب نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ ''اگر کوئی برطانوی مسلمان ایک برطانوی مسیحی کا سر قلم کر دیتا ہے تو اس کا الزام بھی یہودیوں پرعاید کر دیا جاتا ہے''۔ امریکی محکمہ خارجہ نے جان کیری کی مذاکرات کی بحالی کی تجویز کے ردعمل میں دیے جانے والے ان بیانات کو جارحانہ اور مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں