امریکی ماہرین کی عراقی فورسز کو دو بہ دو لڑائی کی تربیت
امریکی فوجی ماہرین کی نگرانی میں عراقی سیکیورٹی فورسز کی تربیت کا عمل بغداد کے التاجی فوجی اڈے پر جاری ہے۔ امریکی فوج نے عراقی سیکیورٹی فورسز کودہشت گردوں کے خلاف دو بہ دو لڑائی کی ٹریننگ دینا شروع کی ہے تاکہ دولت اسلامی ’’داعش‘‘ کے زیر قبضہ عراقی شہروں کو آزاد کرایا جا سکے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق بغداد میں عراقی فوج کو گلیوں، محلوں اور شاہرائوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کی تربیت دی جا رہی ہے۔ دوران تربیت فوجیوں کو دہشت گردوں اور عام شہریوں میں فرق کرنے، دشمن کو زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانے جبکہ عام شہریوں کے کم سے کم جانی نقصان کے طریقے سکھائے جا رہے ہیں۔
امریکی عسکری ماہرین کی نگرانی میں جاری ٹریننگ کا عمل چھ سے آٹھ ہفتے تک جاری رہے گا۔ اس دوران عراقی فوج اور کرد فورسز کے پانچ ہزار سے زاید اہلکاروں کو تربیت دی جائے گی۔
حال ہی میں امریکی فوج کی نگرانی میں 1600 عراقی فوجیوں نے، ٹینکوں کے استعمال، جنگی حکمت عملی کے اہم فیصلوں، لڑائی میں زخمیوں کی طبی امداد سمیت دیگر پہلوئوں پر ٹریننگ حاصل کی۔ ٹریننگ فی الحال ابتدائی مرحلے میں ہے جس میں حفاظت کے لیے لکڑی کے تختوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ التاجی فوجی اڈے میں متعین عراقی فوجی افسر اور سپاہی جنگی مہارت میں کمزور ہیں۔ ان کی اس کمزوری کو دور کرنے کے لیے امریکی فوج انہیں تربیت فراہم کر رہی ہے۔