شام:دمشق میں بم دھماکا،7 ہلاک ،20 زخمی
شام کے دارالحکومت دمشق کے وسطی علاقے ایک بس میں بم دھماکے میں سات افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے ہیں۔
برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ اتوار کو دمشق کے مصروف علاقے بازار حمیدیہ میں ایک مسافر بس میں بم دھماکا ہوا ہے لیکن فوری طور پر اس کا سبب معلوم نہیں ہوسکا ہے۔
شام کے سرکاری میڈیا نے بھی اس بم دھماکے کی اطلاع دی ہے اور سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے بم دھماکے میں چار افراد کی ہلاکت اور انیس کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ بس میں مبینہ طور پر شیعہ زائرین سوار تھے جو شامی دارالحکومت میں اپنے متبرک مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے گئے تھے۔
شام میں گذشتہ قریباً چار سال سے جاری خانہ جنگی کے دوران دمشق میں قدرے امن رہا ہے اور باغی جنگجو اس شہر میں دراندازی میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں لیکن وہ اس کے نواحی علاقوں سے گاہے گاہے راکٹ حملے اور بم دھماکے کرتے رہتے ہیں۔شام میں مارچ 2011ء سے جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں دولاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ملک کی نصف سے زیادہ آبادی در بدر ہوچکی ہے۔ان میں تیس لاکھ سے زیادہ شامی پڑوسی ممالک میں مقیم ہیں۔