اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے فلسطینی بہن، بھائی شہید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 3 منٹ

دریائے اردن کے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے درمیان واقع ایک چیک پوائنٹ پر اسرائیلی پولیس نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک فلسطینی خاتون اور اس کے بھائی کو شہید کردیا ہے۔

اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا سامری نے دعویٰ کیا ہے کہ ''یہ دونوں مشتبہ عرب پیدل قلندیا چیک پوائنٹ کی جانب بڑھ رہے تھے۔مرد اور عورت کے پاس چاقو تھے''۔اس سے پہلے اس ترجمان نے کہا تھا کہ مرد کے پاس کلاشنکوف تھی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ''پولیس نے ان دونوں کو متعدد مرتبہ رکنے کا اشارہ کیا لیکن اس کو کامیابی نہیں ہوئی اور مشتبہ افراد پولیس فورس کی جانب تیزی سے بڑھتے رہے۔اس کے بعد پولیس نے ان پر فائرنگ کرکے انھیں ہلاک کردیا ہے''۔

فلسطینی وزارت صحت نے شہید فلسطینی خاتون کی شناخت مرام ابو اسماعیل کے نام سے کی ہے۔ان کی عمر 23 سال تھی۔ان کے بھائی کا نام ابراہیم طہٰ بتایا گیا ہے اور اس کی عمر 16 سال تھی۔

اسرائیلی پولیس نے زمین پر پڑے ہوئے تین چاقوؤں کی ایک تصویر بھی جاری کی ہے۔ان کے بارے میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ ان دونوں مقتولین سے برآمد ہوئے ہیں۔قلندیا چیک پوائنٹ پر موجود ایک فلسطینی ڈرائیور علا صبوح نے واقعے کی ایک مختلف تفصیل بیان کی ہے اور اسرائیلی پولیس کے موقف کو جھوٹ قرار دیا ہے۔

علا صبوح نے برطانوی خبررساں ادارے رائیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں بہن بھائی بظاہر چیک پوائنٹ سے گزرنے کے طریق کار سے غیر مانوس لگتے تھے۔انھوں نے تیزی سے چیک پوائنٹ کی جانب آنے کی کوشش کی تھی۔

انھوں نے مزید بتایا:''ان دونوں نے جونہی چیک پوائنٹ کو عبور کیا تو اسرائیلی فورسز نے چلانا شروع کردیا کہ واپس چلے جاؤ اور اس کے بعد انھوں نے آناً فاناً فائرنگ شروع کردی۔انھوں نے پہلے لڑکی پر فائرنگ کی تھی۔اس دوران لڑکے نے واپس جانے کی کوشش کی لیکن انھوں نے اس کو سات گولیاں مار کر وہیں ڈھیر کردیا''۔

واضح رہے کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ترجمان غربِ اردن میں فلسطینیوں پر فائرنگ کے ہر واقعے کے بعد اسی طرح کی من گھڑت کہانی بیان کرتے ہیں۔اسرائیلی فورسز کی غرب اردن میں اس طرح کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد دو سو ہوچکی ہے۔

ان میں سے 130 کے بارے میں اسرائیلی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر حملہ آور تھے۔ان کے مبینہ چاقو حملوں ،فائرنگ یا اپنی گاڑیوں کو راہ گیروں پر چڑھانے کے واقعات میں 28 اسرائیلی ، دو امریکی ،ایک سوڈانی اور ایک ایریٹرین شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں