شام:کرد فورسز کے زیر انتظام قصبے میں کار بم دھماکا،10 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ گھنٹے

ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع شام کے قصبے تل ابیض میں ایک کار بم دھماکے میں دس افراد ہلاک اور نو زخمی ہوگئے ہیں۔

اس قصبے پر امریکا کے حمایت یافتہ عرب اور کرد جنگجوؤں پر مشتمل شامی ڈیمو کریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کا کنٹرول ہے۔ایس ڈی ایف کے ایک عہدے دار نے بتایا ہے کہ بارود سے بھری کار کو تل ابیض کی مرکزی شاہراہ پر واقع خود مختار کرد انتظامیہ کے دفتر کے باہر دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔

اس قصبے پر گذشتہ سال جون میں کرد ملیشیا پیپلز پروٹیکشن یونٹس اور اس کے اتحادی عرب جنگجو گروپوں نے داعش کو شکست دینے کے بعد قبضہ کیا تھا۔اکتوبر2015ء میں اس اتحاد کو شامی ڈیموکریٹک فورسز کا نام دیا گیا تھا۔اس کے جنگجوؤں نے اس کے بعد سے امریکا کی فضائی مدد سے شام کے شمال اور شمال مشرق میں واقع بہت سے علاقے داعش سے چھین لیے ہیں۔

اس وقت ترکی کی سرحد کے ساتھ بیشتر شامی علاقوں پر کرد اور ان کے اتحادیوں کا قبضہ ہوچکا ہے اور ان کی صوبہ حلب میں واقع ایک اور شہر منبج پر قبضے کے لیے بھی داعش کے خلاف لڑائی جاری ہے۔انھوں نے منبج سے ترکی کی جانب جانے والی مرکزی شاہراہ پر قبضہ کر لیا ہے جس کی وجہ سے داعش کے لیے سامان رسد اور غیرملکی جنگجو پہنچانے کے راستے مسدود ہوچکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں