داعش نے موصل میں ہیلی کاپٹر مارگرایا، دو عراقی پائیلٹ ہلاک
داعش نے موصل شہر کی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے عراقی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے جس کے نتیجے میں اس کے دونوں عراقی پائیلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔
عراقی فوج نے جمعرات کو اس ہیلی کاپٹر کے مارگرائے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ وہ موصل کے مغربی حصے میں داعش کے جنگجوؤں سے لڑنے والی وفاقی پولیس کو فضائی مدد مہیا کر رہا تھا۔
موصل میں داعش کے خلاف اکتوبر سے جاری جنگی مہم کے دوران میں یہ پہلا موقع ہے کہ اس جنگجو گروپ نے کسی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا ہے۔ داعش کی خبر رساں ایجنسی 'اعماق' نے یہ اطلاع دی ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر دریائے دجلہ کے مشرق میں الغبط کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا ہے۔عراقی فوج نے بھی ہیلی کاپٹر کے موصل کے مشرقی حصے میں گرنے کی اطلاع دی ہے۔
واضح رہے کہ عراقی فورسز نے ایک سو دن کی لڑائی کے بعد جنوری میں موصل کے مشرقی حصے پر قبضہ کرلیا تھا اور اب وہ داعش کے آخری مضبوط گڑھ شہر کے مغربی حصے پر قبضے کے لیے کارروائی کررہی ہیں لیکن داعش کے جنگجو شہر کے گنجان آباد قدیم حصے میں عراقی فورسز کی سخت مزاحمت کر رہے ہیں۔
وہ قدیم شہر کی تنگ وتاریک گلیوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور وہاں رہ جانے والے شہریوں کو عراقی فورسز کے خلاف جنگ میں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ تنگ گلیوں کی وجہ سے عراقی فورسز کی قدیم شہر میں نقل وحرکت محدود ہو چکی ہے اور وہ شہریوں کی ہلاکتوں سے بچنے کے لیے اب توپ خانے اور فضائی قوت کا بھی محدود استعمال کر رہی ہیں۔