شامی باغیوں نے دمشق کے مشرق میں اسدی فوج کا طیارہ مار گرایا
شام کے دارالحکومت دمشق سے پچاس کلومیٹر مشرق میں واقع علاقے البادیہ میں باغیوں نے اسدی فوج کے ایک لڑاکا طیارے کو مار گرایا ہے۔
جیش الحر میں شامل مغرب کے حمایت یافتہ ایک باغی گروپ اسود الشرقیہ کے ترجمان سعد الحاج نے برطانوی خبررساں ادارے رائیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے شامی فوج کے جیٹ کو دمشق کے دیہی علاقے تل دکوہ میں مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم اس طیارے کے پائیلٹ کی تلاش میں ہیں۔
اس باغی گروپ نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ پر تباہ شدہ شامی طیارے کی تصاویر بھی جاری ہیں۔ شامی فوج نے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
مغرب کے حمایت یافتہ ایک اور باغی گروپ احمد عبدہ شہداء گروپ کے ایک عہدہ دار سعید سیف نے بھی شامی فوج کے لڑاکا طیارے کو مار گرائے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ تل دکوہ اور دمیر ائیرپورٹ کے درمیان واقع بیرقصاب سے پندرہ کلومیٹر مشرق میں گر کر تباہ ہوا ہے۔
برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بھی اس اطلاع کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایک باغی گروپ نے اس طیارے کو مار گرایا ہے لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اس طیارے کا پائیلٹ زندہ ہے یا مر گیا ہے۔