بحرین کا قطر پر حکمراں نظام کا تختہ الٹنے کی منصوبہ بندی کا الزام
بحرین کے سرکاری ٹی وی پر ایک دستاویزی فلم کے ضمن میں نشر کیے جانے والے خطرناک نوعیت کے اعترافات میں اُس Academy of Change پر روشنی ڈالی گئی ہے جس کی دوحہ پشت پناہی کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق "بربادی کی اکیڈمی" نامی دستاویزی فلم میں ان ارکان کے اعترافات پیش کیے گئے ہیں جن کو اکیڈمی آف چینج نے بعد ازاں منامہ بھیجنے کے لیے تیار کیا تھا تا کہ وہ قطر کے مقصد پر عمل درامد کرتے ہوئے بحرین میں اشتعال انگیزی اور انارکی پھیلا کر حکمراں نظام کا تختہ الٹنے میں مددگار ثابت ہوں۔
اکیڈمی آف چینج آسٹریا میں واقع ہے۔ اس کو مصری نژاد اسکالر یوسف القرضاوی کا داماد ہشام مرسی چلا رہا ہے جس کا نام دوحہ کا بائیکاٹ کرنے والے چار عرب ممالک کی جانب سے اعلان کردہ دہشت گرد عناصر کی فہرست میں شامل ہے۔
اس حوالے سے خطرناک بات یہ ہے کہ سعودی عرب کے شہر قطیف میں دہشت گرد گروپوں اور ان کی جانب سے مرتکب پرتشدد کارروائیوں کا مذکورہ اکیڈمی آف چینج کے ساتھ تعلق ہے۔
بحرینی ٹی وی پر نشر ہونے والے اعترافات کے مطابق اکیڈمی اپنے نظریات اور بنیادی اصول نشاطِ ثانیہ کے اُس منصوبے سے اخذ کرتی ہے جس کا نگراں اسرائیلی پارلیمنٹ کا سابق رکن اور امیرِ قطر کا مشیر عزمی بشارہ ہے۔