یمن : عرب اتحاد نے جبلِ الاصیدہ کو باغیوں سے آزاد کرا لیا
یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز نے یمن کے ایک اہم ترین پہاڑی علاقے "جبل الاصیدہ" کو آزاد کرا لیا ہے۔ سعودی سرحد کے مقابل واقع اس پہاڑی علاقے پر حوثی اور معزول صالح کی ملییشیاؤں نے قبضہ کر لیا تھا۔
العربیہ نیوز چینل کے نمائندے کے مطابق جبل الاصیدہ باغی ملیشیاؤں کی کارروائیوں کا خاص مرکز شمار کیا جاتا تھا۔ یہاں پر معرکوں کی انتظامی منصوبہ بندی سر انجام دی جاتی تھی اور ساتھ ہی یہاں ایران اور حزب اللہ کے عسکری ماہرین بھی موجود ہوتے تھے۔
یہ پہاڑی علاقہ سعودی عرب کی سرحد پر باغیوں کے حملوں پر عمل درامد کا نقطہ آغاز تھا۔ اس کے علاوہ یہاں سے سعودی عرب کے گنجان آباد علاقوں پر راکٹ اور میزائل بھی داغے جاتے تھے۔