عراقی "اسامہ بن لادن" نام کی تبدیلی سے چار روز قبل قبر میں پہنچ گیا
عراق میں القاعدہ تنظیم کے سابق سربراہ کے ہم نام 16 سالہ لڑکے کو اتوار کے روز اپنے نئے نام سے متعلق شناختی کاغذات وصول کرنے تھے تاہم "اسامہ بن لادن حسین" کا یہ خواب پورا نہ ہو سکا اور وہ کاغذات کی وصولی سے صرف 4 روز قبل کام کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے اپنی جان گنوا بیٹھا۔
حسین کے ایک عزیز مہند کے مطابق وہ گیارہ ستمبر کے واقعات کے فوری بعد 2001 میں پیدا ہوا۔ مہند نے بتایا کہ اس وقت صدام حسین کے دور میں عراق کے سرکاری میڈیا نے اسامہ بن لادن کو بہادر ہیرو کے طور پر پیش کیا۔ مہند کا کہنا ہے کہ حسین کے والد نے اسامہ سے متاثر ہو کر اپنے بیٹے کا یہ مرکّب نام رکھا تھا تاہم یہ نام بچپن سے ہی اس کے لیے دشواریوں کا سامنا کرنے کا باعث بن گیا۔
سال 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے بعد حسین کے گھر پر کئی بار امریکی فوجیوں نے چھاپہ مارا کیوں کہ ان کے پاس یہ معلومات تھیں کہ اس گھر میں اسامہ بن لادن موجود ہے۔
اس وقت کے بعد سے حسین نے ایک مشکل زندگی گزاری اور وہ مشکلات سے بچنے کے لیے سنی اکثریتی علاقے الاعظمیہ میں اپنے گھر میں بند ہو کر رہ گیا۔
بعد ازاں اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے حسین نے سڑکوں پر چائے فروخت کرنے کا کام کیا۔ اس دوران ایک مقامی ٹی وی چینل نے اس کا انٹرویو لیا۔ اس کے متعلق رپورٹ نشر ہونے کے بعد وزیر داخلہ قاسم الاعرجی نے اپنی رہائش گاہ پر اس سے ملاقات کی اور فوری طور پر حسین کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔
حسین کا انٹرویو لینے والے صحافی احمد الحاج کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کے دفتر کی جانب سے ملاقات کے لیے رابطہ کیے جانے پر حسین کے اہل خانہ خوف سے کانپنے لگے تھے۔ ملاقات کے موقع پر وزیر داخلہ الاعرجی عراقی لڑکے کے ساتھ بے تکلفی کے ساتھ ہنسے بولے۔ انہوں نے حسین کو تحفے میں ایک موبائل فون دیا اور اس کے لیے "احمد" نام تجویز کیا۔
مہند کے مطابق عراقی وزیر داخلہ کی جانب سے نام کی تبدیلی کی کارروائی منظور ہونے کے بعد حسین کو بہت حوصلہ ملا اور وہ کام کے لیے علاقے سے باہر جانے لگا۔ ایک ہفتہ قبل اسے ایک اسٹور میں کام ملا تھا۔ بدھ کے روز اسٹور کے مالک نے اسے چھت پر سے کچھ سامان اتارنے کے لیے کہا۔ حسین سامان لے کر نیچے اتر رہا تھا کہ اس کا پاؤں پھسلا اور وہ یک دم بجلی کے ایک تار سے جا کر چپک گیا۔ تار میں زیادہ کرنٹ کے باعث حسین نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
-
تہران سے اسامہ بن لادن کی بیٹی کے فرار کی کہانی
ایبٹ آباد آپریشن کے دوران امریکی فوج کے ہاتھ لگنے والی دستاویزات سے منظر عام پر ...
مشرق وسطی -
اسامہ بن لادن نے حزب اللہ کے مقرب رابرٹ فسک سے ’یارانہ‘ کیوں کیا؟
امریکی خفیہ ادارے ’سی آئی اے‘ کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ اسامہ بن ...
مشرق وسطی -
’اسامہ بن لادن مہدی منتظر کے ظہور کی راہ ہموار کر رہے تھے‘
ایبٹ آباد سے حاصل ہونے والی دستاویزات میں انکشاف
ایڈیٹر کی پسند