.

یمنی فوج کی مشرقی صنعاء میں فاتحانہ پیش قدمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کی سرکاری فوج نے عرب اتحادی فوج کی معاونت سے دارالحکومت صنعاء میں باغیوں کے خلاف لڑائی میں اہم پیش قدمی کرتے ہوئے تزویراتی اہمیت کے حامل کئی مقامات کو باغیوں سے آزاد کرا لیا۔

’العربیہ‘ کے مطابق یمنی فوج نے مشرقی صنعاء میں نھم کے محاذ پر باغیوں کے خلاف لڑائی کے دوران تزویراتی اہمیت کے حامل پہاڑی سلسلے رباعین اور الادمغ کو آزاد کرا لیا۔

یمنی فوج کے بریگیڈ 7 کے ترجمان نے بتایا کہ لڑائی کے دوران 26 حوثی باغی ہلاک اور دسیوں زخمی ہو گئے جب کہ تین فوجی گاڑیاں، دو بکتر بند گاڑیاں اور بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔

نھم محاذ پر مختلف مقامات پر حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر توپ خانے اور جنگی طیاروں سے بھی بمباری کی گئی۔ مسورۃ اور اس کے اطراف کے مقامات پر 70 حوثی شدت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ادھر صنعاء کے گورنر میجر جنرل عبدالقوی شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثی باغی بدترین ٹوٹ پھوٹ اور شکست خوردگی کا شکار ہیں۔ آئینی فوج کے سامنے وہ بے بسی کے عالم میں لڑتے ہوئے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔