ماہر صحت کے مطابق دل کو مضبوط بنانے والے 10 بہترین بیج

ڈاکٹر چوپڑا بیجوں کے اہم صحت بخش فوائد اجاگر کرتے ہیں اور بعض بیج اعتدال سے استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
وقت مطالعہ 5 منٹ

بیج صحت بخش غذاؤں میں سے ایک ہیں ،جنہیں ان کے بے شمار فوائد کی وجہ سے خوراک میں شامل کیا جا سکتا ہے، جن میں فائبر، توانائی، ہاضمہ اور دیگر فوائد شامل ہیں۔ اس بات کو مدِنظر رکھنا چاہیے کہ بیجوں کی اقسام کی ایک وسیع دنیا موجود ہے ،جو مختلف صحت بخش فوائد فراہم کرتی ہے، لہٰذا صرف چیا سیڈز، السی کے بیج یا کدو کے بیجوں تک ہی خود کو محدود نہیں کرنا چاہیے۔

چھپے ہوئے خزانے

Hindustan Times کی رپورٹ کے مطابق 40 سال سے زائد تجربہ رکھنے والے ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر آلوک چوپڑا نے انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ میں اُن بیجوں پر روشنی ڈالی جنہیں غذا میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان کے فوائدمختلف اقسام کو درست طریقے سے استعمال کرنے کے طریقے اور انہیں کھاتے وقت کن باتوں سے پرہیز کرنا چاہیے، اس کی وضاحت کی ہے۔ڈاکٹر چوپڑا نے لکھا:یہ محض بیج نہیں ہیں، بلکہ توازن، قوتِ مدافعت، بہتر ہاضمے اور طویل مدتی توانائی کے لیے چھپے ہوئے خزانے ہیں۔


السی کے بیج

السی کے بیج ہارمونز کے توازن اور ہاضمے میں مدد دیتے ہیں اور اومیگا-3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہوتے ہیں۔ السی کے بیج ہمیشہ پیس کر استعمال کرنے کی سفارش کی جاتی ہے اور انہیں اسموتھیز، دہی اور دلیے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔تاہم اگر کسی شخص کو اسہال ہو تو ثابت السی کے بیج کھانے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ یہ ہضم نہیں ہوتے۔

چیا کے بیج

چیا کے بیج جسم کو نمی فراہم کرتے ہیں اور فائبر و توانائی کا اچھا ذریعہ ہیں۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ چیا کے بیج 30 منٹ سے 2 گھنٹے تک بھگو کر رکھے جائیں، پھر ان کا پانی پیا جائے یا انہیں میٹھے پکوانوں میں شامل کیا جائے۔خشک چیا کے بیج کھانے سے احتیاط کرنی چاہیے کیونکہ یہ پیٹ پھولنے یا دم گھٹنے کے خطرے کا سبب بن سکتے ہیں۔

کدو کے بیج

کدو کے بیج زنک سے بھرپور ہوتے ہیں اور قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ انہیں ہلکا سا بھون کر روزانہ ایک سے دو کھانے کے چمچ تک کھایا جا سکتا ہے یا سلاد اور ہلکی پھلکی غذا پر چھڑکا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر چوپڑا کے مطابق کدو کے بیج کیلوریز میں زیادہ ہوتے ہیں، اس لیے وزن کم کرنے والوں کو ان کے زیادہ استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔

خربوزے کے بیج

خربوزے کے بیج ہاضمے کو بہتر بنانے اور دل کی صحت کو سہارا دینے کے لیے مشہور ہیں۔ انہیں کچا یا بھون کر کھایا جا سکتا ہے، تاہم اعتدال میں استعمال ضروری ہے۔

کنول کے بیج

کنول کے بیج پیٹ بھرنے کا احساس دیتے ہیں اور پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ جسم اور ذہن کے توازن کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ انہیں گھی میں بھون کر بطور ہلکی پھلکی غذا کھایا جاتا ہے۔
ڈاکٹر چوپڑا ڈبہ بند اور مصالحہ دار اقسام سے پرہیز کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ ان میں سوڈیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

تل کے بیج

تل کے بیج کیلشیم کی وافر مقدار پر مشتمل ہوتے ہیں اور جلد و بالوں کے لیے بھی مفید ہیں۔ استعمال سے پہلے انہیں ہلکا سا بھون لینا بہتر ہے۔ گرمیوں میں اگر کسی شخص کو جلد گرمی لگتی ہو تو تل کے زیادہ استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔

سونف کے بیج

سونف کے بیج ہاضمے کو بہتر بنانے اور منہ کی بدبو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہیں کھانے کے بعد چبایا جا سکتا ہے یا نیم گرم پانی میں شامل کر کے استعمال کیا جاتا ہے۔

دھنیا کے بیج

دھنیا کے بیج ہاضمے میں ہلکی مدد دیتے ہیں اور پیٹ کے اپھار کو کم کرتے ہیں۔ انہیں رات بھر پانی میں بھگو کر رکھنا اور صبح چھان کر اس پانی کو پینا مفید سمجھا جاتا ہے۔

سورج مکھی کے بیج

سورج مکھی کے بیج وٹامن E سے بھرپور ہوتے ہیں، اس لیے یہ جلد اور دل کی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں۔ انہیں ہلکا سا بھون کر اکیلے کھایا جا سکتا ہے یا سلاد اور دہی میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر چوپڑا نمکین اقسام سے پرہیز پر زور دیتے ہیں کیونکہ ان میں سوڈیم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔

تربوز کے بیج

تربوز کے بیج غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں کیونکہ ان میں میگنیشیم اور آئرن وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں اور یہ نباتاتی پروٹین کا بہترین ذریعہ ہیں۔انہیں بھون کر کھایا جا سکتا ہے یا خشک میوہ جات اور گری دار میووں کے مکس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ چونکہ یہ کیلوریز میں زیادہ ہوتے ہیں، اس لیے ڈاکٹر چوپڑا مقدار میں اعتدال کا مشورہ دیتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں

  • مطالعہ موڈ چلائیں
    100% Font Size